پاکستان

چوہدری نثار کی برطانیوی ہائی کمشنر سے ملاقات

ملاقات میں عمران فاروق قتل کیس میں حالیہ گرفتاری اور الطاف حسین پر قائم منی لانڈرنگ کیس پر بات چیت ہوئی۔

اسلام آباد: لندن میں سال 2010ء کے دوران متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما ڈاکٹر عمران فاروق کے ہونے والے قتل کے حوالے سے گزشتہ روز وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار اور پاکستان میں برطانیہ کے ہائی کمشنر فلپ برٹون کے درمیان ملاقات ہوئی۔

باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ چوہدری نثار اور برطانوی ہائی کمشنر کے درمیان ہونے والی ملاقات میں ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین پر قائم منی لانڈرنگ کیس کا موضوع بھی زیر بحث رہا۔

مزید پڑھیں: الطاف حسین کی ضمانت میں جولائی تک توسیع

خیال رہے کہ کہ مذکورہ ملاقات وزیر داخلہ کے اس بیان، جس میں کہا گیا تھا کہ عمران فاروق قتل میں ملوث دو ملزمان کے سہولت کار کو کراچی سے گرفتار کرلیا گیا ہے، کے بعد کی گئی۔

واضح رہے کہ ملزم معظم علی خان کو گزشتہ روز انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے 90 روزہ ریمانڈ پر رینجرز کے حوالے کردیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عمران فاروق قتل کیس: معظم علی رینجرز کے حوالے

یہ بھی یاد رہے کہ رینجرز کی جانب سے ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر کئے جانے والے سرچ آپریشن پر الطاف حسین کے دیئے گئے بیان کہ، جو افسران آپریشن میں شریک تھے 'وہ تھے ہو جائیں گے' کے بعد وزیر داخلہ اور برطانوی ہائی کمشنر کے درمیان ایک ملاقات ہوئی تھی۔

اس ملاقات میں برطانیوی حکومت سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ وہ برطانیہ بیٹھ کر ٹیلی فون کال ذریعے براہِ راست تقاریر میں پاکستان کے خلاف اشتعال انگیز بیان دینے والے فردِ واحد کو اس سے روکیں۔