'الطاف حسین اچھی باتیں کرکے لوگوں پر ڈنڈے برساتے ہیں'
کراچی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سربراہ عمران خان نے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 246 میں ضمنی انتخابات کے حوالے سے آج جناح گراؤنڈ کا دورہ کیا، لیکن گراؤنڈ میں ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی کے کارکنوں میں بدمزگی کے باعث وہ کارکنان سے خطاب کے بجائے وہاں سے ریلی کو لے کر واپس روانہ ہوگئے۔
تاہم اس موقع پر اپنے انتہائی مختصر خطاب میں عمران خان نے کہا کہ 'الطاف حسین اور رابطہ کمیٹی نے مجھے تو خوش آمدید کہا، لیکن پھر میرے کارکنوں پر ڈنڈے برسائے'۔
|
جناح گراؤنڈ کے دورے کے بعد کریم آباد کے قریب کارکنوں سے خطاب میں انھوں نے سوال کیا کہ 'ایم کیو ایم کا ڈسپلن بہت مانا جاتا ہے جبکہ تحریک انصاف میں اس قدر ڈسپلن نہیں پھر الطاف حسین کے اعلان کے باوجود کس طرح پی ٹی آئی کے کارکنوں پر تشدد کیا گیا؟'
عمران خان نے ایم کیو ایم قائد کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ 'الطاف حسین ایک طرف اچھی باتیں کرتے ہیں دوسری طرف لوگوں پر ڈنڈے برساتے ہیں'۔
انہوں نے کارکنوں کو ہدایت کی کہ کراچی کو امن کا شہر بنانا ہے اس لیے ہم اسلحے کا مقابلہ اسلحے سے نہیں کریں گے۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے ایک بار پھر اعلان کیا کہ وہ 19 اپریل کو جلسہ کریں گے اور جناح گراؤنڈ پی ٹی آئی کے کارکنوں کے لیے چھوٹا پڑ جائے گا۔
انہوں نے اپنی اہلیہ ریحام خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ نیا پاکستان بنانے میں خواتین بھی اپنا کردار ادا کر رہی ہیں۔
واضح رہے کہ کراچی کے حلقے این اے 246 میں ضمنی انتخاب 23 اپریل کو ہو رہے ہیں، قومی اسمبلی کی یہ نشست سینیئر سیاست دان نبیل گبول کے استعفیٰ کے بعد خالی ہوئی تھی۔
لائیو اپ ڈیٹس کا اختتام
ایم کیو ایم کی پالیسی دوغلی ہے
پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ جناح گراؤنڈ واقعے کی مذمت کرتے ہیں، ایم کیو ایم کی پالیسی دوغلی ہے کیوںکہ فاروق ستار سے ملنے کے بعد ایم کیو ایم کے کارکنوں نے ہم پرحملہ کیا۔
انہوں نے پولیس سے مطالبہ کیا کہ پولیس جناح گراؤنڈ میں پھنسے کارکنوں کو باہر نکالے۔
کارکنان پر ہونے والے تشدد کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ایسے ہتھکنڈوں سے ہمیں بھگایا نہیں جاسکتا۔
عمران خان کی عزت ہماری عزت ہے
عران خان کے واپس چلے جانے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم تحریک انصاف کے استقبال کے لیے موجود تھی، تاہم عمران خان نائن زیرو پر ایم کیوایم کا استقبالیہ لیے بغیر واپس چلے گئے۔
دوسری جانب ایم کیو ایم رہنما خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ جناح گراؤنڈ پر کوئی ناخوشگوارواقعہ پیش نہیں آیا۔
ان کا کہنا تھا کہ میڈیا کے کیمرے کی آنکھ سب دیکھ رہی تھی اور میرے خیال میں کوئی بدنظمی نہیں کی گئی۔
جناح گراونڈ میں بد نظمی
جناح گراؤنڈ میں ایک موقع پر شدید بد نظمی دیکھنے میں آئی اور دونوں جانب سے شدید نعرے بازی کی گئی۔
اس موقع پر پولیس دونوں سیاسی جماعتوں کے حامیوں کے درمیان آ گئی اور تصادم کی صورتحال پیدا نہ ہونے دی البتہ دونوں جانب سے کارکنان نے ایک دوسرے پر تشدد کیا اور ان میں ہاتھا پائی ہوئی۔
پاکستان تحریک انصاف اور متحدہ قومی موومنٹ کے رہنماوں نے بھی اس موقع پر مشتعل کارکنان کو کنٹرول کیا۔
جناح گراؤنڈ آمد
|
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان ایک بڑے قافلے کے ہمراہ جناح گراؤنڈ پہنچے، اس موقع پر ان کی اہلیہ ریحام خان بھی ان کے ہمراہ تھیں۔
تحریک انصاف کے کارکنان سے جناح گراؤنڈ مکمل طور پر بھر گیا۔
پی ٹی آئی رہنماؤں کے مطابق عمران خان نے جناح گراؤنڈ میں ایم کیو ایم کے' یاد گار شہداء' پر فاتحہ خوانی کی، تاہم اسی دوران ایم کیو ایم کے کارکنوں کی جانب سے نعرے بازی کی گئی، جس سے بدمزگی پیدا ہوگئی۔
الطاف حسین کا شکریہ
|
ایم کیو ایم کے کارکنوں کی گل پاشی
عمران خان کا قافلہ جب غریب آباد پہنچا تو متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے کارکنوں نے قافلے پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔
ایم کیو ایم کی جانب سے عمران خان کے قافلے کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔
اس موقع پر تحریک انصاف کے کارکنوں نے عمران خان کے لیے نعرے لگانا شروع کر دیئے تو دوسری جانب ایم کیو ایم کے کارکنوں نے الطاف حسین کے حق میں نعرے لگائے۔
ریحام خان کی بھی انتخابی مہم میں شرکت
عمران خان کی اہلیہ ریحام خان بھی کراچی پہنچیں، جن کا کہنا تھا کہ وہ عمران خان کے ہر مشن میں ان کا ساتھ دیں گی۔
ضمنی انتخاب کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ این اے 246 کا ووٹر باشعور ہے اور اس بارغلطی نہیں کرے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام پی ٹی آئی کے علاوہ کسی کو موقع نہیں دیں گے، لہجوں میں مٹھاس کا مطلب ہے تبدیلی آگئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں کے ذہنوں سے نوگو ایریا کا خوف نکالنا ہے اور 'عمران اسماعیل کی سپورٹ کرنے کے لیے بار بار آؤں گی'۔
سیکیورٹی انتظامات
پولیس حکام کا کہنا تھا کہ این اے 246 میں پولیس کے 3 ہزار اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
عمران خان کے دورے سے قبل پولیس افسران سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے کریم آباد پہنچے۔
ڈی آئی جی ویسٹ فیروز شاہ اور ایس ایس پی سینٹرل نعمان صدیقی نے کریم آباد کا دورہ کیا۔
جبکہ ڈان نیوز کے مطابق سیکیورٹی خدشات کے باعث بازار اور تمام دکانیں بند کروا دی گئیں، اس کے علاوہ لیاقت آباد اور کریم آباد سے واٹر پمپ جانے والی سڑک بھی ٹریفک کے لیے بند کی گئی ۔
|
پی ٹی آئی رہنماؤں کے بیانات
این اے 246 میں پی ٹی آئی کے امیدوار عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ ریحام خان بھی ریلی میں شریک ہوں گی۔
تحریک انصاف کے چیئرمین کے دورے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ عمران خان کریم آباد کیمپ کا دورہ کریں گے اور کارنر میٹنگ سے خطاب کریں گے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ عمران خان جناح گراؤنڈ بھی جائیں گے اور فاتحہ خوانی کریں گے۔
تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ہر صوبے میں پی ٹی آئی کا ووٹ بینک ہے، کراچی میں ایم کیو ایم کو سیاسی طور پر چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا اور ضمنی انتخاب میں فتح ہی کراچی میں تبدیلی لانے کا طریقہ ہے۔
تحریک انصاف کے رہنما فیصل واڈا نے کہا کہ حکومت سے پولیس اور رینجرز کی سیکیورٹی مانگی تھی، لیکن سندھ حکومت نے ہم سے کیا گیا وعدہ پورا نہیں کیا، کراچی پولیس ہمیشہ سیاست کے زیر اثر رہی۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ وہ آج عزیز آباد جانے کے لیے بے تاب ہیں۔
|
اپنے ایک اور پیغام میں انھوں نے گورنر سندھ داکٹر عشرت العباد کے اس مزاحیہ بیان پر بھی ہلکا پھلکا تبصرہ کیا ہے ، جب ایم کیو ایم اور تحریک انصاف کے کارکنان کے مابین گزشتہ دنوں عزیز آباد میں جھگڑے کے بعد ہونے والی مصالحتی ملاقات میں عشرت العباد کا کہنا تھا کہ تنازع کی وجہ یہ تھی کہ وہاں کرکٹ کھیلی جارہی تھی اور کوئی گیند لے کر بھاگ گیا۔
اس حوالے سے اسد عمر نے لکھا ہے کہ آج جناح گراؤنڈ میں اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ عمران اسماعیل کھلینے یا گیند کرانے کی کوشش نہیں کریں گے، 'کرکٹ کی اتنی بے عزتی کی بار بار اجازت نہیں ہے'۔
|