الطاف حسین مفرور اور اشتہاری ہیں، فیصل واوڈا
کراچی سے قومی اسمبلی کے حلقہ این 246 کے ضمنی انتخابات کا دن جوں جوں قریب آتا جارہا ہے سیاسی درجہ حرارت بھی بڑھتا جارہا ہے۔ اب تحریک انصاف نے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے اور نائن زیرو کو ضبط کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔
کراچی کے علاقے کریم آباد میں تحریک انصاف کے انتخابی کیمپ کا افتتاح کرنے کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنماء فیصل واوڈا نے ایک چارج شیٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین مفرور اور اشتہاری ہیں۔
انہوں نے وزیراعظم، آرمی چیف اور چیف جسٹس آف پاکستان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کیا ایک ملک میں دو قانون ہوسکتے ہیں؟ 'کیا ایسا ہو سکتا ہے کہ الطاف حسین کے لیے کچھ اور اور ہمارے لیے کچھ اور قانون ہو؟'۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک آدمی 'مفرور' ہے تو اس کے ریڈ وارنٹ جاری کیے جائیں اور نائن زیرو سمیت الطاف حسین کی پاکستان میں جائیداد کو ضبط کیا جائے۔
تحریک انصاف کے رہنماء نے کہا کہ جب تک الطاف حسین مفرور ہیں تو یہ پیمرا کا کام ہے کہ وہ ایک 'مفرور شخص' کو کلیئر ہونے تک ان کے ٹی وی پر آنے پر پابندی لگائے۔
'ایم کیو ایم تحریک انصاف سے خوفزدہ'
اس موقع پر ضمنی انتخابات کے لیے تحریک انصاف کے امیدوار عمران اسماعیل نے کہا کہ ایم کیو ایم پی ٹی آئی سے خوفزدہ ہے، کسی کارکن پر حملہ ہوا تو ذمہ داری متحدہ پر عائد ہوگی۔
ان کا دعویٰ تھا کہ کراچی میں پہلی بار ایم کیو ایم کو کسی نے چیلنج کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کل عمران خان کراچی آئیں گے۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے رہنماءعلی زیدی نے کہا کہ ہمارا کیمپ اکھاڑا گیا اور کہا گیا یہ عوام نے کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ امن کا پیغام لے کر آئے ہیں اور اب کراچی کو دو نمبر کی سیاست سے آزاد کرائیں گے۔
پی ٹی آئی رہنماء نادر اکمل لغاری نے کہا کہ تحریک انصاف نے پورے پاکستان کو اکھٹا کیا۔
ایم کیو ایم کا ردعمل
پی ٹی آئی کی تنقید پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے رہنماءوسیم اختر نے ڈان نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان اپنے حواس کھو بیٹھے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم نے پی ٹی آئی کا " حقیقی چہرہ دیکھ لیا ہے جو اسی پارلیمنٹ میں واپس آگئی جس پر وہ سات ماہ سے تنقید کررہی تھی۔
وسیم اختر نے کہا کہ پی ٹی آئی نے سیاست میں نیا نیا قدم رکھا ہے اور اس کا این اے 246 کا ضمنی انتخاب جیتنے کا کوئی امکان ہے اور 23 اپریل کو تحریک انصاف کو شکست کا سامنا ہوگا۔
دوسری جانب ایم کیو ایم کے رہنماءفیصل سبزواری نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ پولنگ بوتھ حقیقی نتیجے کا فیصلہ کریں گے۔
اس موقع پر حیدر عباس رضوی نے کہا کہ 23 اپریل کا دن ایم کیو ایم کی فتح کا دن ہوگا " حلقے کے لوگ الطاف حسین کو ووٹ دیں گے جیسا وہ ہمیشہ سے کرتے آئے ہیں"۔