صولت مرزا کی پھانسی موخر کرنے کے احکامات موصول
کوئٹہ: بلوچستان کی مچھ جیل کو ایوان صدر سے متحدہ قومی موومنٹ کے سابق کارکن صولت مرزا کی پھانسی ایک مہینے تک روکنے کے احکامات جاری ہو گئے۔
مچھ جیل کے سپریٹنڈنٹ محمد اسحاق زہری نے پیر کو احکامات ملنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ 'صولت مرزا کی پھانسی کو ایک مہینے کیلئے موخر کر دیا گیا ہے'۔
اس سے پہلے مچھ جیل کے حکام نے آج بتایا تھا کہ انہیں فی الحال ایوان صدر سے احکامات نہیں ملے اور بلیک وارنٹس کے تحت صولت کو یکم اپریل کی صبح ساڑھے پانچ بجے پھانسی دے دی جائے گی۔
انہوں نے بتایا تھا کہ پھانسی کی تمام تیاریاں مکمل اور جیل کے اندر اور اطراف سیکورٹی کے سخت انتظامات موجود ہیں۔
صولت مرزا کو انیس اپریل پھانسی دی جانی تھی لیکن آخری لمحات میں اس پر عمل درآمد روک دیا گیا۔ اب کراچی میں انسداد دہشت گردی کی ایک عدالت نے ان کے نئے بلیک وارنٹ جاری کر دیے ہیں۔
پھانسی کے کچھ گھنٹے قبل صولت کی ایک وڈیو منظر عام پر آئی جس میں انہوں نے ایم کیو ایم کی اعلی قیادت پر سنگین نوعیت کے الزامات عائد کیے تھے۔ میڈیا پر وڈیو جاری ہونے کے بعد صدر ممنون حسین نے صولت کی پھانسی روک دی تھی۔
گزشہ ہفتے وزیر اعظم نواز شریف نے صدر کو ایک سمری کے ذریعے صولت کی پھانسی کو ایک مہینے تک روکنے کی تجویز دی تھی۔