دنیا

جرمن مسافر طیارہ 'جان بوجھ' کر گرایا گیا

پراسیکیوٹر کے بقول کو پائلٹ نے دروازہ کھولنے سے " دانستہ" طور پر انکار کردیا تھا اور جہاز کو گرایا۔

پیرس : گزشتہ دنوں فرانس میں گر کر تباہ ہونے والے جرمن ونگز کے طیارے کے حادثے کے حوالے سے انکشاف ہوا ہے کہ کو پائلٹ نے بظاہر دانستہ طور پر ائیربس اے 320 کو گرایا۔

یہ دعویٰ فرنچ پراسیکیوٹر برائس روبن نے ٹی وی پر ایک بریفننگ کے دوران بتائی۔

انہوں نے بتایا کہ طیارے کا کپتان کاک پٹ سے باہر گیا تو جرمن کو پائلٹ نے پورا کنٹرول سنبھال لیا تھا اور پھر اس نے کاک پٹ کا دروازہ دوبارہ کھولنے سے انکار کرتے ہوئے ایک بٹن دبا دیا جس کے نتیجے میں طیارہ حادثے کا شکار ہوگیا۔

ان کا کہنا تھا کہ آخری لمحات میں دروازے سے ٹکرائے جانے کی آوازیں سنی گئی تھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کو پائلٹ نے دروازہ کھولنے سے " دانستہ" طور پر انکار کردیا تھا اور پرواز کی آخری لمحات تک اس کی سانسیں معمول پر تھیں۔

پراسیکیوٹر نے پائلٹ کو جرمن شہری بتایا جس پر کبھی بھی دہشت گرد ہونے کا شبہ نہیں کیا گیا تھا۔

پراسیکیوٹر کا مزید کہنا تھا کہ جرمن ونگز کو پائلٹ بظاہر " طیارے کو تباہ" کرنا چاہتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ طیارے کے بلیک باکس سے کاک پٹ کے وائس ریکارڈر کی معلومات اکھٹی کی گئی ہیں مگر کپتان کے کمرے سے باہر جانے کے بعد کو پائلٹ نے ایک لفظ بھی نہیں کہا اور وہاں مکمل خاموشی طاری رہی۔

خیال رہے کہ جرمن فضائی کمپنی کا طیارہ منگل کو فرنچ الپس میں ایک ریزورٹ کے پاس گر کر تباہ ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں اس میں سوار تمام ڈیڑھ سو افراد ہلاک ہوگئے تھے۔