پاکستان

الطاف حسین کا وقت پورا ہوگیا، عمران

کپتان نے اعلان کیا ہے کہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کو شکست دینے کے لیے اگلا جلسہ کراچی میں کریں گے۔

میرپور : تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کراچی میں سیاسی میدان سجانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ متحدہ کے قائد الطاف حسین کا وقت پورا ہوگیا ہے۔

میرپور آزاد کشمیر میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کپتان نے ایک بار پھر متحدہ کے قائد پر تنقید کے نشتر برسادیئے اور اعلان کیا کہ الطاف حسین کو شکست دینے کے لیے اگلا جلسہ کراچی میں کریں گے۔

عمران خان نے جوڈیشل کمیشن کے قیام پر عوام کو مبارکباد دی اور کہا کہ ثابت کریں گے ن لیگ کو ملنے والے مینڈیٹ جعلی تھا۔

انہوں نے کہا کہ دو ہزار پندرہ الیکشن کا سال ہے عوام پھر سڑکوں پر آنے کو تیار ہوجائیں۔

عمران خان نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے نواز شریف اور زرداری کی پارٹنر شپ توڑ ڈالی ہے۔

کپتان کا کہناتھا کہ وہ خیبر پختونخوا میں سوئٹزرلینڈ جیسا بلدیاتی نظام لائیں گے جبکہ انہوں نے تھانہ کچہری کی سیاست ختم کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

عمران خان کے خطاب پر متحدہ کا ردعمل

دوسری جانب الطاف حسین پرعمران خان کی تنقید پر متحدہ قیادت کا سخت ردعمل سامنے آیا ہے۔

ایم کیو ایم کے قائد ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ عمران خان کو الطاف فوبیا ہو گیا ہے وقت بتائے گا کہ کس کا وقت آیا ہے کس کا نہیں۔

فاروق ستار نے عمران خان کوکراچی کے موجودہ حالات کاذمہ دار قرار دے دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت کراچی میں جو ہو رہا ہے وہ عمران خان کی ایما پر ہورہاہے، کپتان کراچی کے عوام کی توہین اورقبضے کا خواب دیکھنا چھوڑ دیں۔ وقت ثابت کر دے گا کہ کون کس کو شکست دے گا۔

ادھر ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی نے بھی عمران خان کے خطاب کو دھمکی آمیز بیان قرار دیا ہے۔

ایک بیان میں رابطہ کمیٹی کا کہنا ہے کہ عمران خان بلندوبانگ دعوے کررہے ہیں صرف اللہ ہی جانتا ہے کہ کس کا وقت آگیا ہے اور کس کا نہیں۔