عزیربلوچ کے الزامات، اپوزیشن رہنما مشکل میں
سکھر: متحدہ عرب امارات میں گرفتارکراچی کی کالعدم پیپلزامن کمیٹی کے سربراہ عزیر جان بلوچ کے پیپلز پارٹی رہنماوں کے خلاف الزامات پر قومی اسمبلی میں اپوزیشن کے رہنما خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ عزیر بلوچ پارٹی سے نکالے جانے کا بدلہ لے رہا ہے۔
کراچی کے علاقے لیاری سے تعلق رکھنے والی کالعدم تنظیم پیپلز امن کمیٹی کے سربراہ عزیر بلوچ نے متحدہ عرب امارات میں حراست کے دوران پیپلز پارٹی رہنماوں پر سنگین نوعیت کے الزامات لگائے ہیں۔
عزیر بلوچ نے اپنے مبینہ بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ ان کی جانب سے کئے جانے والے جرائم میں پیپلز پارٹی کے اہم رہنما بھی شریک ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق عزیز بلوچ نے اپنے اعترافی بیان میں کہا ہے کہ انھوں نے پی پی کے شریک چیئرمین آصف زرداری، شرجیل انعام میمن، مظفر اویس ٹپی اور دیگر کے کہنے پر کراچی میں قتل کئے ہیں۔
پاکستانی قانون نافذ کرنے والے ادارے عزیر بلوچ کو متحدہ عرب امارات سے پاکستان لانے کی ہر ممکن کوششوں میں مصروف ہیں۔
لیاری میں دوگینگ وآر کو چلانے والے عزیر بلوچ کراچی میں سیکیورٹی فورسز کے جرائم پیشہ افراد کے خلاف شروع ہونے والے آپریشن کے بعد فرار ہوگئے تھے۔
پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے قومی اسمبلی میں اپوزیشن جماعتوں کے رہنما خورشید شاہ نے سکھر میں اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے بات چیت کے دوران کہا کہ لیاری پیپلز پارٹی کا گڑھ ہے اور یہاں پر امن ومان کی صورت حال کو بہتر بنانے کے لئے پارٹی کی حمایت پر آپریشن شروع کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ لیاری میں آپریشن کے دوران سیکیورٹی اداروں کی جانب سے عزیر بلوچ کے گرد گھیرا تنگ ہونے لگا تو وہاں سے فرار ہوگیا تھا۔
خورشید شاہ نے دعویٰ کیا کہ عزیر بلوچ اب ان وجوہات کی بنا پر پی پی رہنماوں پر الزامات لگا کر بدلہ لے رہا ہے۔
سندھ میں گورنر راج
سندھ میں گورنر راج لگانے جانے کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ آئین میں 18ویں ترمیم کے بعد گورنر راج کو صوبے میں لگانا انتہائی مشکل ہے۔
تاہم انھوں نے حکومت کو خبردار کیا کہ اگر سندھ میں گورنر راج لگا تو ملک کے دیگر صوبوں میں میں بھی لگے گا۔
ملک میں بجلی بحران پر قابوں پانے کے لئے پی پی کے دوران حکومت میں شروع کئے جانے والے منصوبوں پر موجودہ حکمران جماعت کی جانب سے تمام کریڈٹ اپنے نام کرنے پر انھوں نے نواز لیگ کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک میں موجودہ بجلی بحران مسلم لیگ نواز کا پیدا کردہ ہے۔
اپوزیشن رہنما نے کراچی میں امن وامان کی صورت حال بہتر ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہ کراچی سمیت سندھ کے حالات پنجاب سے بہت بہتر ہیں۔
صولت مرزا کے بیان سے متحدہ کو فائدہ پہنچایا گیا
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا کہ صولت مرزا کے ڈیتھ سیل کے بیان سے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کو سیاسی فائدہ پہنچایا گیا۔
صحافیوں سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ ڈیتھ سیل میں موجود شخص کے بیان کی سچائی مشکوک ہے، صولت مرزا کو بیان کے بعد سزا ملنی چاہیے، بیان کے بعد سزائے موت کو ملتوی کرنا مناسب بات نہیں ہے۔
پیپلز پارٹی کے رہنما نے مزید کہا کہ کراچی آپریشن پر پیپلز پارٹی نے کبھی تحفظات کا اظہار نہیں کیا، رینجرز کراچی میں درست آپریشن کر رہی ہے،کراچی میں مسلح ونگز کے خلاف بلا امتیاز آپریشن ہونا چاہیے۔
|