پاکستان

برطانیہ الطاف حسین کو بیان بازی سے روکے، چوہدری نثار

الطاف حسین سیکیورٹی فورسز کو بدنام کر رہے ہیں، ان کی بیان بازی کو روکنے کے لیے قانونی راستہ اختیار کیا جائے، وزیرداخلہ

کراچی: پاکستان نے بدھ کے روز مطالبہ کیا ہے کہ برطانوی حکومت متحدہ قومی موومنٹ کے قائد برطانوی شہری الطاف حسین کا بیان بازی سے روکا جائے۔

بی بی سی اردو کی رپورٹ کے مطابق چوہدری نثار نے برطانیہ کے ہائی کمشنر فلپ بارٹن سے اسلام آباد میں ملاقات کے دوران کہا کہ الطاف حسین پاکستانی سکیورٹی فورسز کو بدنام کر رہے ہیں اور ان کی بیان بازی کو روکنے کے لیے قانونی راستہ اختیار کیا جائے۔

خیال رہے کہ یہ پشرفت ایک ایسے موقع پر سامنے آئی جب گزشتہ ہفتے ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر رینجرز نے چھاپہ مارکر چند انتہائی مطلوب ملزمان اور سینئر رہنما عامر خان سمیت متعدد افراد کو گرفتار کرلیا۔

مزید پڑھیں: ایم کیو ایم قائد الطاف حسین کے خلاف مقدمہ درج

کارروائی کے دوران بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کیا گیا تھا جو رینجرز کے مطابق نیٹو کا چوری شدہ اسلحہ تھا۔

رپورٹ کے مطابق وزیر داخلہ نے برطانوی ہائی کمیشن سے ملاقات میں کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہا ہے اور ان حالات میں جب آپریشن ضربِ عضب میں فوج کو کامیابیاں مل رہی ہیں، برطانوی شہری الطاف حسین کی فوج کے خلاف الزام تراشی سے دہشت گردی کے خلاف جنگ متاثر ہو سکتی ہے۔

مزید پڑھیں:نائن زیرو سے نیٹو اسلحہ برآمد، ولی بابر کا قاتل گرفتار

واضح رہے کہ الطاف حسین نے نجی چینل جیو ٹی وی کے ایک پروگرام میں نائن زیرو آپریشن میں شریک رینجرز اہلکاروں کے حوالے سے بظاہر کہا تھا کہ "رینجرز اہلکار ہیں نہیں تھے، وہ تھے ہو جائیں گے"۔

گزشتہ روز متحدہ کے قائد کے خلاف قدمہ سول لائنز تھانے میں رینجرز ترجمان کرنل طاہر محمود کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔

ڈی آئی جی ساؤتھ عبدالخالق شیخ نے اس مقدمے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ الطاف حسین کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ 7 اور 506 بی کی دفعات کے تحت درج کیا گیا۔