پاکستان

دہشت گردوں پر زمین تنگ کردی: چوہدری نثار

وزیر داخلہ کے مطابق دہشتگردی کے خاتمے کیلئے حکومت کی موثر پالیسی کی وجہ سے امن وامان کی مجموعی صورتحال 'بہتر' ہوگئی ہے۔

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے ملک بھر میں مساجد، امام بارگاہوں، چرچ اور گرجا گھروں کو دہشت گردوں کے آسان اہداف قرار دے دیا ہے۔

پیر کو قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کو بریفنگ دیتے ہوئے چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ لاہور میں گرجا گھروں پر حملے غیرانسانی فعل اور دہشت گردی کی بدترین کارروائی ہے۔

تاہم وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے حکومت کی موثر پالیسی کے باعث ملک میں امن و امان کی مجموعی صورتحال 'بہتر' ہوگئی ہے۔

ان کا کہنا تھا 'ہم نے دہشت گردوں پر زمین تنگ کردی ہے'۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز یعنی اتوار کو لاہور میں مسیحی برادری کے اکثریتی علاقے یوحنا آباد میں قائم دو چرچوں رومن کیتھولک چرچ اور کرائسٹ چرچ پر طالبان کے دو خود کش حملوں کے نتیجے میں کم از کم 15 افراد ہلاک اور 70 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔

مزید پڑھیں:لاہور: یوحنا آباد میں 2 دھماکے، 15افراد ہلاک

قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کو بریفنگ کے دوران چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کا مقصد ملک میں نفاق اور تقسیم پیدا کرنا ہے، جبکہ قانون ہاتھ میں لینے والوں نے بھی شدت پسندوں کا ایجنڈا آگے بڑھایا۔

دوسری جانب چوہدری نثار نے فی الوقت ملک کے خلاف نہیں، بلکہ دہشت گردوں کے خلاف سینہ سپر ہونے کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیر داخلہ نے اسلحہ لائسنس، نجی سیکیورٹی کمپنیز اور بلٹ پروف کاروں کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے قائمہ کمیٹی کو بتایا کہ اس حوالے سے اقدامات کیے جارہے ہیں۔

جبکہ سمز کی تصدیق کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ سو ملین سموں کی تصدیق کی جا چکی ہے، جبکہ افغان سموں کی رومنگ سروس بند کیے جانے سے بھی سیکیورٹی فورسزکو دہشت گردی کی روک تھام میں مدد ملی ہے۔