پاکستان

پاکستانی تن ساز نے آرنلڈ کلاسک کا ٹائٹل جیت لیا

سابق مسٹر پاکستان عاطف انور نے مرد باڈی بلڈرز کی 100 کلوگرام کیٹگری میں یہ اعزاز اپنے نام کیا ہے۔

میلبرن: سابق مسٹر پاکستان عاطف انور نے آسٹریلیا میں منعقدہ ہونے والے آرنلڈ کلاسک باڈی بلڈر کا ٹائیٹل جیت لیا ہے۔

یہ اعزاز انھوں نے مرد باڈی بلڈرز کی 100 کلوگرام کیٹگری میں حاصل کیا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق باڈی بلڈنگ کےمظاہرے کے دوران ہالی ووڈ کے معروف اداکار اور سات مرتبہ کے مسٹر اولمپیا چیمیپیئن آرنلڈ شوازنگر نے کھڑے ہوکر پاکستانی تن ساز کو مقابلے میں فاتح قرار دیئے جانے کے بعد تالیاں بجاکر داد دی اور میڈل بھی پہنایا۔

آسٹریلیا میں ہونے والے آرنلڈ کلاسک مقابلوں کے دوران پاور لفٹنگ، خواتین اور مردوں کی باڈی بلڈنگ اور مارشل آرٹس کے مقابلے منعقد ہوئے۔

آرنلڈ کلاسک ایوارڈ ہرسال مختلف اسپورٹس کیٹگریز کے لئے منعقد کئے جاتے ہیں، جن میں دنیا کے بہترین کھلاڑی حصہ لیتے ہیں جب کہ مقابلوں میں جیتنے والوں کو ’آرنیز‘ کا خطاب دیا جاتا ہے۔

پاکستانی تن سازعاطف انور نے اس سے قبل بہت سے اعزازات اپنے نام کئے ہیں جن میں 2009 میں ہونے والے مسل مینیا نامی مقابلے میں انہوں نے چوتھی پوزیشن حاصل کی تھی، جس میں دنیا بھر سے100 بہترین باڈی بلڈرز نے حصہ لیا تھا۔

یہ خیال رہے کہ عاطف انور نیشنل لیول پر مسٹر سندھ اور مسٹر کراچی بھی رہ چکے ہیں جبکہ انھوں نے 2005 میں مسٹر پاکستان ہونے کا اعزاز بھی حاصل کیا ہے۔