پاکستان

'نائن زیرو سے برآمد اسلحہ نیٹو کا نہیں'

امریکی وزارت خارجہ کے ٹوئٹر پیغام میں کہا گیا ہے کہ امریکا نے کراچی کے راستے کبھی افغانستان میں اسلحہ ترسیل نہیں کیا۔

کراچی: امریکی محکمہ خارجہ نے نائن زیرو سے ملنے والے اسلحے سے لاتعلقی کا اظہار کردیا ہے۔

امریکی وزارت خارجہ نے سماجی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ امریکا نے کراچی کے راستے کبھی افغانستان میں اسلحہ کی ترسیل نہیں کی۔

یاد رہے کہ رینجرز کا موقف تھا کہ گزشتہ روز متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے مرکز نائن زیرو پر چھاپے کے دوران نیٹو کنٹینرز سے چوری ہونے والا اسلحہ برآمد کیا گیا، جبکہ متحدہ نے رینجرز کے اس موقف کی تردید کردی تھی۔

اس حوالے سے ایم کیو ایم کے رکن سندھ اسمبلی فیصل سبز واری کا کہنا تھا کہ رینجرز اہلکاروں نے لائسنس یافتہ اسلحہ میڈیا کو دکھایا جبکہ وہ اسلحہ حفاظت کے لیے رکھا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: نائن زیرو سے نیٹو اسلحہ برآمد

بعد ازاں ایم کیو ایم قائد الطاف حسین نے اپنے خطاب میں کہا تھا کہ رینجرز اہلکار اسلحہ کمبلوں میں چھپا کر لائے تھے۔

امریکی محکمہ خارجہ نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں یہ بھی کہا ہے کہ میڈیا کو دکھایا گیا اسلحہ افغانستان میں نیٹو افواج کے زیر استعمال اسلحے کے معیار کے مطابق نہیں ہے۔