پاکستان

خیبرپختونخوا: قطری شہزادے کو 80 ہزار کا جرمانہ

ڈیرہ اسماعیل خان سے گرفتار ہونے والے قطری شہزادے پر غیرقانونی شکار کرنے کے جرم میں جرمانہ عائد کیا گیا۔

پشاور: خیبر پختونخوا کی حکومت نے پرندوں کا غیر قانونی شکار کرنے پر قطر کے ایک شہزادے پر 80 ہزار روپے کا جرمانہ عائد کردیا ہے۔

قطری شہزادے کو تین شکاری بازوں کے ساتھ ڈیرہ اسماعیل خان سے گرفتار کیا گیا تھا جس کے بعد اس حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے اپنے ٹوئٹر آکاونٹ پر پیغامات بھی جاری کیے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ کے پی حکومت صوبے میں موجود نایاب جانوروں کو بچانے کی ہر ممکن کوشش کررہی ہے لیکن وفاق میں حکمران جماعت مسلم لیگ ن نے ان پرندوں کے شکار کیلئے لائسنس اور پرمنٹ جاری کردیئے ہیں، جو قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

خیبرپختونخوا حکومت کی جانب قطری شہزادے کو گرفتار اور جرمانہ کرنے پر پی ٹی آئی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ’یہی نئے اور پرانے پاکستان میں فرق ہے‘۔

عرب ممالک سے تعلق رکھنے والے شاہی خاندانوں کے افراد اکثر پاکستان کے مختلف علاقوں میں نایاب پرندوں اور جانوروں کے شکار کے لیے آتے ہیں۔

شکار کے سیزن میں قطر، متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کے شاہی خاندان بلوچستان کے علاقوں دالبدین، چاغی او دیگر علاقوں کا رخ کرتے ہیں۔

مزید پڑھیں: ' سعودی شہزادے بلوچستان میں تلور کا شکار کرنے نہیں آئے'

پاکستان میں ان شہزادوں کو جن نایاب نسل کے پرندوں کے لائسنس جاری کیے گئے ہیں ان میں بلوچستان میں موجود تلور بھی شامل ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایک کروڑ روپے میں مارخور کا شکار

پاکستان آنے والے شاہی خاندانوں کے مقامی علاقوں میں موجود قبائلی سرداروں کے ساتھ روابط قائم ہیں جو ان کو شکار میں مدد فراہم کرتے ہیں۔