توانائی بحران حکومت گرا سکتا ہے
وزیرِ اعظم نواز شریف کے لیے اس سال کا آغاز کچھ اچھا نہیں رہا ہے، کیونکہ بجلی بحران کا جن اس سال بھی قابو میں آنے کے بجائے بے قابو ہوتا جا رہا ہے۔
پاکستان مسلم لیگ ن جس نے 2013 کے انتخابات میں فیصلہ کن اکثریت حاصل کی تھی، نے وعدہ کیا تھا کہ وہ 2017 تک ملک سے بجلی بحران کا خاتمہ کر دے گی، لیکن شدید ہوتے بجلی بحران پر قابو پانے میں اس کی ناکامی اب حکومت کی بنیادیں ہلا سکتی ہے۔
پاکستان میں بجلی کا بحران اس قدر شدید ہے کہ کئی علاقوں میں 20 گھنٹوں تک کی لوڈ شیڈنگ ہوتی ہے۔ بجلی کی پیداواری صلاحیت 22,797 میگاواٹ ہے، لیکن پیداوار صرف 12,000 میگاواٹ تک محدود ہے۔ حالیہ کچھ سالوں میں بجلی کی طلب 19,000 میگاواٹ تک پہنچ چکی ہے۔
ووڈرو ولسن سینٹر میں جنوبی اور جنوب مشرقی ایشیا کے لیے سینیئر پروگرام ایسوسی ایٹ مائیکل کوگلمین کا کہنا ہے کہ توانائی کا بحران حکومت کی تباہی کا ذمہ دار ہو سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک مضبوط فوج کی موجودگی میں شریف حکومت کے لیے پالیسی سازی کی جگہ سکڑتی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 'اگر بجلی بحران کے خلاف عوام کی بڑی تعداد احتجاج کرتی ہے، اور یہ احتجاج ملک بھر میں کئی کئی دن تک کے لیے ہوتے ہیں، تو فوج شاید نواز شریف سے جلد انتخابات کروانے کا کہہ دے۔' پاکستان کی سیاست میں فوج کا طاقتور کردار ہمیشہ رہا ہے، اور کئی بار جمہوریت کی بساط لپیٹی جا چکی ہے۔
حالات میں مزید خرابی اس وقت آئی جب جنوری میں ایندھن بحران کی وجہ سے پنجاب کے بڑے شہروں، بشمول اسلام آباد، میں زندگی ٹھہر سی گئی۔ تیل کا بحران اس لیے پیدا ہوا کیونکہ وزارتِ پانی و بجلی پی ایس او کو 171 ارب روپے کے واجبات ادا کرنے میں ناکام رہی۔ حیرانی کی بات یہ ہے کہ یہ سب کچھ اس وقت ہوا جب باقی دنیا میں تیل کی قیمتیں کم ترین سطح پر تھیں۔
اسی ماہ حکومت نے صوبہ بلوچستان کے علاقے گڈانی میں پلان کردہ 6600 میگاواٹ کے کوئلے سے چلنے والے پاور پراجیکٹس ختم کیے۔ چینی سرمایہ کاروں نے میڈیا رپورٹس کے مطابق 6 پلانٹس میں سے سرمایہ یہ کہہ کر نکال لیا کہ پراجیکٹ انفراسٹرکچر کی عدم موجودگی کی وجہ سے ناقابلِ تکمیل ہے۔ یہ پراجیکٹ پاک چین اکنامک کوریڈور نامی انفراسٹرکچر اور توانائی کے 45.6 ارب ڈالر کے منصوبوں کا حصہ تھے۔
مشہور ماہرِ معاشیات ڈاکٹر قیصر بنگالی، جو وزیرِ اعلیٰ بلوچستان کے پالیسی اصلاحات یونٹ کے سربراہ ہیں، نے کہا کہ ان پراجیکٹس کے ساتھ ایسا ہونا ہی تھا۔ ان کے مطابق پلانٹس کے لیے امپورٹڈ مہنگا کوئلہ ان لوڈ کرنے کے لیے جیٹیاں بنانی پڑتیں، اور ایسی جگہ پر کوئلے کے پلانٹس کی تعمیر سے کوئلے کے ذرات سیدھے کراچی کی جانب آتے۔
توانائی کے شعبے کے ایک حکومتی عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ چینی حکومت گڈانی پراجیکٹ میں دلچسپی نہیں رکھتی تھی، بلکہ صرف بلوچستان میں گوادر پورٹ کی تعمیر و ترقی چاہتی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ 'وہ جانتے تھے کہ پراجیکٹ فیزیبل نہیں ہوگا، لیکن اس کے باوجود وہ پاکستان کے پریشر کے سامنے مجبور ہوگئے۔ انہیں معلوم تھا کہ یہ پراجیکٹ ٹیکنیکل ورکنگ کمیٹی سے آگے نہیں بڑھیں گے، اور یہی ہوا۔'
فروری کے اوائل میں پنجاب میں چین کی مدد سے 6600 میگاواٹ کے کوئلے سے چلنے والے پاور پلانٹس کا ایک اور منصوبہ تعطل کا شکار ہوا۔
لیکن پاکستان کے توانائی بحران کا قصہ یہیں ختم نہیں ہوتا۔
پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں زیرِ تعمیر 963 میگاواٹ کا نیلم جہلم ہائیڈرو الیکٹرک پاور پراجیکٹ جسے 2016 میں مکمل ہونا تھا، اب 50 ارب روپے کی کمی کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہوتا نظر آتا ہے، کیونکہ چینی ٹھیکیداروں نے پانی کو متبادل راستے سے گزارنے والی زیرِ زمین سرنگ کی تعمیر کے لیے مشینیں دینے سے انکار کردیا۔ ڈیم دریائے نیلم کے پانی کو ایک زیرِ زمین سرنگ کے ذریعے دریائے جہلم تک پہنچائے گا۔
دریائے جہلم ہندوستان سے ہوتا ہوا پاکستان آتا ہے، اور ڈاکٹر قیصر بنگالی کے مطابق پراجیکٹ کی تعمیر میں تاخیر سے ہندوستان کو موقع مل جائے گا کہ وہ اپنے حصے کے دریا پر پہلے ہائیڈروپاور پراجیکٹ تعمیر کر لے، اور پہلے استمعال کرنے والے کے حقوق کے تحت دعویٰ کر بیٹھے، جس پر سندھ طاس معاہدے کے تحت دونوں ممالک اتفاق کر چکے ہیں۔
پانی یا تیل؟
کچھ ماہرین کا کہنا ہے کہ ہائیڈروپاور ملک کے توانائی بحران کو حل کرنے کا سستا ترین طریقہ ہے۔ اسلام آباد کے سسٹین ایبل پالیسی ڈویلپمنٹ انسٹیٹیوٹ کے طاہر دھندسا کا کہنا ہے کہ 50 ارب روپے کچھ زیادہ نہیں ہیں، اور اس کے بجائے حکومت 59 ارب روپے ویسے ہی تھرمل ذرائع سے بجلی پیدا کرنے پر خرچ کر رہی ہے۔
طاہر دھندسا کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنے آبی وسائل و ذخائر سے بھرپور فائدہ اٹھانے میں ناکام ہے، کیونکہ پالیسی ساز توانائی کو قلیل مدت کے سیاسی مسئلے کے طور پر دیکھتے ہیں، اور قومی مفاد پر ذاتی مفاد کو ترجیح دیتے ہیں۔
ہائیڈروپاور پراجیکٹس تعمیر ہونے میں زیادہ عرصہ اور سرمایہ لیتے ہیں، لیکن طویل مدت میں ان سے پیدا ہونے والی بجلی کافی سستی ہوتی ہے۔ کوئلے سے چلنے والے امپورٹڈ پاور پلانٹس کسی سیاستدان کی پانچ سالہ مدت کے خاتمے سے پہلے پہلے اپنا کام شروع کر سکتے ہیں۔ حکومت بھی پیسے بچانے کے لیے وہ پرانی ٹیکنولاجی خرید لیتی ہے جو چینی کمپنیاں اب اپنے ملک میں آلودگی ختم کرنے کے پریشر کے تحت استعمال کرنا چھوڑ چکی ہیں۔ اس کے علاوہ کوئلے سے چلنے والے پلانٹس میں ہائیڈروپاور پراجیکٹس کی نسبت کہیں زیادہ کک بیکس موجود ہوتے ہیں۔
دھندسا کا کہنا ہے کہ اگر پاکستان تین سے چار بڑے ڈیم تعمیر کرلے، تو اس کے توانائی کے سارے مسئلے حل ہوجائیں گے۔ نہ صرف یہ کہ اگلے 50 سالوں کے لیے بجلی پیدا ہوگی، بلکہ پانی ذخیرہ کر کے (زراعت کے لیے) بھی استعمال کیا جاسکے گا۔
لیکن سوال یہ ہے کہ کیا پاکستان کے پاس مستقبل میں اتنا پانی ہو گا کہ وہ بجلی پیدا کر سکے؟ پاکستان کے وزیرِ پانی و بجلی خواجہ آصف نے حال ہی میں خبردار کیا ہے کہ پاکستان پانی کی شدید قلت سے دوچار ہو سکتا ہے۔ خواجہ آصف کے مطابق اگلے 6 سے 7 سالوں میں پاکستان پانی سے محروم ملک بن سکتا ہے۔
مائیکل کوگلمین کے نزدیک سارا مسئلہ ہی یہی ہے کہ پاکستان کے توانائی بحران کے زیادہ تر حل کسی نہ کسی وسیلے کی بڑی تعداد میں دستیابی پر منحصر ہیں، اور جن کی دستیابی ایک بڑا مسئلہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ مجوزہ گیس پائپ لائن کا منصوبہ فنڈنگ کی کمی کی وجہ سے رک گیا، جب بھی بڑے ڈیموں کی تعمیر کی بات کی جائے تو ماحولیاتی کارکن اور این جی اوز اٹھ کھڑی ہوتی ہیں، اور پاکستان کے پاس اتنی ٹیکنولاجی نہیں ہے کہ وہ اپنے کوئلے کے ذخائر کو خود استعمال کر سکے۔
ملک کی آدھے سے زیادہ بجلی مہنگے، امپورٹڈ تھرمل ایندھن سے حاصل کی جاتی ہے۔ تیل اور گیس سے بجلی کی پیداوار کا مطلب صارفین کے لیے مہنگی بجلی ہے۔ 25 فیصد توانائی تقسیم کے نظام میں خامیوں، پرانے انفراسٹرکچر، چوری، اور خراب مینیجمنٹ کی وجہ سے ضائع ہوجاتی ہے، اور اس سب کو ٹھیک کرنا ہوگا۔
شمسی و پن بجلی؟
شریف حکومت اب امید کر رہی ہے کہ پاکستان میں صاف ستھری شمسی اور پن بجلی کم خرچ میں پیدا کی جائے تاکہ بجلی کے بحران پر قابو پایا جا سکے۔ حکومتِ پاکستان نے حال ہی میں سولر پینلز پر درآمدی ٹیکس ختم کیا، اور گرڈ سے کنکٹ ہونے والے سولر پینلز اور چھتوں پر سولر پینلز نصب کرنے کی اجازت دی ہے تاکہ ملک میں شمسی توانائی کے حصول کو فروغ دیا جا سکے۔
پچھلے سال حکومت نے ملک کا پہلا سولر پارک تعمیر کیا، جو ابتدائی طور پر نیشنل گرڈ میں 100 میگاواٹ اور جلد ہی 1000 میگاواٹ کا اضافہ کرے گا۔
لیکن ماحول دوست توانائی ملک میں توانائی کی پیداوار میں کوئی خاص کردار ادا کرتی نظر نہیں آتی۔ مائیکل کوگلمین کا کہنا تھا کہ اس وقت ملک میں ہوا اور دھوپ سے بجلی پیدا کرنے کی بہت زیادہ سکت نہیں ہے، اور اتنی تو بالکل بھی نہیں ہے کہ ملکی طلب کو پورا کر سکے۔
لیکن پاکستان کے الٹرنیٹو انرجی ڈویلپمنٹ بورڈ کراچی کے انچارج شفقین شاہد اس سے زیادہ پر امید ہیں۔ ان کا ماننا ہے کہ پاکستان 2017 تک ہوا اور سورج کی روشنی سے 1900 میگاواٹ تک بجلی پیدا کر سکتا ہے۔ اگر دیکھا جائے تو پاکستان میں ہوا اور دھوپ انتہائی وافر مقدار میں موجود ہیں، اور اس وجہ سے پیداوار بڑھ بھی سکتی ہے۔
شاہد نے بتایا کہ 50, 50 میگاواٹ کے ہوا سے چلنے والے تین پراجیکٹ نیشنل گرڈ کو بجلی فراہم کرنا شروع کر چکے ہیں، جبکہ مزید 400 میگاواٹ کے پراجیکٹس پائپ لائن میں ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ابھی بھی ریگولیٹری مشکلات ہیں۔ سرمایہ دار ونڈ ملز اور سولر پارکس میں دلچسپی رکھتے ہیں، لیکن نیشنل پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے توانائی کی زیادہ سے زیادہ سکت پر پانچ فیصد کیپ لگایا ہے۔
شاہد کا کہنا تھا کہ اگر نیپرا اسے اپریل 2015 تک دس فیصد کردے، تو ہم زیادہ سے زیادہ بجلی پیدا کر کے نیشنل گرڈ کو فراہم کر سکیں گے۔
بشکریہ تھرڈ پول ڈاٹ نیٹ۔
ذوفین ابراہیم فری لانس جرنلسٹ ہیں۔
انہیں ٹوئٹر پر فالو کریں: zofeen28@
ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔