پاکستان

کراچی: سٹی کورٹ کے مال خانے میں دھماکا

مال خانے کے باہر تلف کرنے کیلئے رکھے گئے سامان میں کریکر پھٹا جس کے باعث سامان بکھر گیا، ڈی آئی جی ساؤتھ عبدالخالق شیخ

کراچی: ملک کے معاشی حب کراچی کی سٹی کورٹ کے مال خانے میں دھماکا ہوا تاہم اس سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

ڈی آئی جی ساؤتھ عبدالخالق شیخ کے مطابق مال خانے کے باہر تلف کرنے کے لیے رکھے گئے سامان میں کریکر پھٹا جس کے باعث قریب رکھا سامان بکھر گیا۔

عبدالخالق شیخ کا کہنا تھا کہ اس دھماکے کے نتیجے میں کسی بھی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

جبکہ ایس ایچ او سٹی کورٹ کا کہنا تھا کہ دھماکا کیمیکل کی بوتل پھٹنے سے ہوا۔

نمائندہ ڈان نیوز کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں سٹی کورٹ اور اس کے اطراف میں بھگدڑ مچ گئی۔

پولیس حکام نے فوری طور پر بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کرلیا، جنہوں نے بتایا کہ مال خانے کے باہر ہونے والا دھماکا آئی ای ڈی ڈیوائس پھٹنے کے باعث ہوا جس میں پانچ سو گرام دھماکا خیز مواد شامل تھا۔

واقعے کے حوالے سے کراچی بار کے سابق صدر محمودالحسن کا کہنا تھا کہ یہ انتظامیہ کی نااہلی ہے کہ اہم شواہد کو کھلا رکھا ہوا ہے۔