پاکستان

اہل سنت والجماعت کے رہنما کراچی میں قتل

پولیس کے مطابق ڈاکٹر فیاض کی گاڑی کو شیر شاہ کے قریب مسلح افراد نے نشانہ بنایا جس سے وہ اور ان کا ڈرائیور ہلاک ہوگئے ۔

کراچی: اہل سنت والجماعت کراچی کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر فیاض نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ہلاک ہو گئے۔

ڈان نیوز کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ دو مسلح موٹرسائیکل سوار شیرشاہ کے قریب ڈاکٹرفیاض کی گاڑی پر فائرنگ کرکے فرار ہو گئے۔

پولیس کے مطابق فائرنگ سے ڈاکٹر فیاض اور ان کا ڈرائیور موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔

اہل سنت والجماعت کے ترجمان نے ڈاکٹر فیاض کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے اس حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور حکومت سے ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔

واقعے کے بعد پولیس اور رینجرز اہلکاروں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے کراچی میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن اور کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے تاہم شہر میں مختلف سیاسی و مذہبی رہنماؤں کی ہلاکت کا سلسلہ جاری ہے۔