دہلی ائرپورٹ پر پھنسے 214 پاکستانی وطن پہنچ گئے
لاہور: ہندوستان کے دارالحکومت نئی دہلی میں گزشتہ کئی گھنٹوں سے پھنسے پاکستانی مسافر بالاخر لاہور پہنچ گئے۔
نمائندہ ڈان نیوز کے مطابق تمام مسافر گلف ائرلائن کی پرواز جی ایف 766 پر لاہور پہنچے۔
دوسری جانب ترجمان ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ گلف ائرلائن کمپنی کے بیڑے میں 150 کے قریب جہاز موجود ہیں لیکن انہوں نے مسافروں کو لانے کے لیے دوسرا طیارہ نہیں بھیجا جس کی انکوائری کی جائے گی۔
یاد رہے کہ دو سو سے زائد پاکستانی مسافر پیر کو دہلی انٹرنیشنل ائرپورٹ پر پھنس گئے تھے کیونکہ ان کی بحرین سے لاہور آنے والی پرواز ایک تیکنیکی خرابی کے باعث ہندوستانی دارالحکومت میں اتارنا پڑی تھی۔
حکام کے مطابق صبح بحرین سے روانہ ہونے والی گلف ائر کی پرواز جی ایف 766 کے پائلٹ نے دہلی ائرپورٹ کنٹرول روم کو طیارے میں ایک تیکنیکی خرابی سے آگاہ کیا اور لینڈنگ کی اجازت طلب کی۔
پی آئی اے کے ترجمان نے ڈان کو بتایا کہ " 214 پاکستانی مسافر جن میں بچے بھی شامل ہیں، دہلی ائرپورٹ پر گزشتہ بارہ گھنٹوں سے پھنسے ہوئے ہیں، انہیں ہندوستانی حکام کی جانب سے پرواز سے بھی اترنے کی بھی اجازت نہیں دی جارہی"۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم کے مشیر برائے ایوی ایشن شجاعت عظیم نے نئی دہلی میں پی آئی اے کے اسٹیشن منیجر کو مسافروں کی دیکھ بھال کی ہدایت کی ہے۔
ترجمان کے مطابق " ہم نے مسافروں کو واپس لانے کے لیے اپنا طیارہ بھیجنے کی پیشکش کی تھی مگرگلف ائر نے ہمیں آگاہ کیا کہ وہ بہت جلد پرواز کی تیکنیکی خرابی کو حل کرکے اسے لاہور پہنچائے گی"۔
وزیراعظم نواز شریف نے شجاعت عظیم کو متعلقہ حکام سے رابطہ کرنے اور ضرورت پڑنے پر پی آئی اے کی خصوصی پرواز کا انتظام کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے دہلی میں پاکستان کے ہائی کمشنر کو بھی مسافروں کی دیکھ بھال کی ہدایت کی تھی۔