دنیا

برطانیہ کی 3 لڑکیاں داعش میں شامل

ترکی میں ایک سی سی ٹی وی فوٹیج میں تینوں لڑکیوں کو استنبول میں بس اسٹیشن پر بیٹھا ہو دیکھا گیا۔
|

انقرہ: برطانیہ کی تین کم عمر لڑکیاں داعش میں شمولیت کے لیے شام پہنچ گئی ہیں جس کی ترکی میں ریکارڈ ہونے والی ایک سی سی ٹی وی فوٹیج سے تصدیق ہو گئی ہے۔

رپورٹس کے مطابق 15 سالہ شمیمہ بیگم، 16 سالہ عامرہ عباسی اور 17 سالہ خدیجہ سلطانہ 17 فروری کو برطانیہ سے شام کے سفر کے لیے روزنہ ہوئی تھیں۔

تینوں لڑکیاں لندن سے استنبول پہنچیں جہاں سے وہ شام جانا چاہتی تھیں۔

سی سی ٹی وی فوٹیج میں 18فروری کو یہ تینوں لڑکیاں استنبول میں بس اسٹیشن پر بیٹھی دیکھی جا سکتی ہیں۔

لڑکیوں کے تعاقب کے لیے لندن سے ترکی جانے والی اسکاٹ لینڈ ٹیم کا کہنا ہے کہ تینوں لڑکیاں ترکی سے شام پہنچ چکی ہیں۔

واضح رہے کہ مغربی ممالک سے شدت پسند تنظیم میں نوجوانوں کی شمولیت پر شدید تشویش پائی جاتی ہے۔

یاد رہے کہ شدت پسند تنطیم داعش نے شام اور عراق کے بڑے رقبے پر گزشتہ سال قبضہ کر کے خلافت کا اعلان کیا تھا۔

شدت پسند تنظیم نے ابوبکر البغدادی کو خلیفہ مقرر کیا تھا۔

امریکا اور مغربی ممالک کی جانب سے اب ایک نئے منصوبے کا اعلان کیا گیا ہے جس میں شامی باغیوں کو تربیت دی جا رہی ہے اور ان کو داعش کے خلاف تیار کیا جائے گا۔