جدید دور کے جدید ترین اشتہارات
اظہارِ تشکر
جن مہربانوں نے مجھے ویلنٹائن ڈے پر تحائف ارسال کیے تھے، وہ سارے مجھے مل گئے ہیں۔ چونکہ فرداً فرداً سب کو رسید دینا ممکن نہیں، لہٰذا بذریعہ اشتہار ہٰذا میں ان تمام اہلِ دل کا شکریہ ادا کرتی ہوں جن کی غیرت عشق نے اس مبارک دن کے حوالے سے جوش مارا۔ نیز عشفو و ادا پر فریفتہ جن نووارد محسنوں نے پہلی دفعہ اس کارِ خیر میں حصہ لیا، انہیں بھی میں نے ازراہِ التفات اپنی محبت کی مالا میں پرو لیا ہے۔ یہ قیمتی تحائف جہاں آپ کے دریا دل ہونے کا ثبوت ہیں، وہاں فنِ عاشقی میں آپ کی مہارت کا مظہر بھی ہیں۔ امیدِ واثق ہے کہ آپ آئندہ بھی محبت کے فروغ کے لیے ایسے فراخدلانہ اقدامات جاری رکھیں گے، نیز اپنے خلوص کے اظہار کے لیے محض ویلنٹائن ڈے تک محدود نہیں رہیں گے۔ یاد رہے کہ ہر سال 6 مارچ 2 جولائی 10اکتوبر اور 22 دسمبر کو اس خادمہ کی سالگرہ ہوتی ہے۔
دعا گو: محبتوں کی امین۔ ٹھگستان
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
برائے فروخت
ایک عدد ضمیر (چالو حالت میں) برائے فروخت موجود ہے۔ بندہ حقیر نے ساری عمر بخوشی اس ضمیر کے جھانسے میں آ کر نقصانات اٹھائے ہیں مگر اب حالات اس نہج پر پہنچ گئے ہیں کہ جسم و جاں کا رشتہ برقرار رکھنا مشکل ہو گیا ہے۔ ناچیز زندگی کے عمیق مشاہدے کے بعد اس نتیجے پر پہنچا ہے کہ ’’وارے نیارے ہیں بے ضمیروں کے‘‘ لہٰذا طرزِ حیات کو یکسر تبدیل کرتے ہوئے عاجز اب ’’باعزت زندگی‘‘ گزارنے کا متمنی ہے اور ضمیر، جس نے زندگی کے ہر موڑ پر مجھے نیلام کیا ہے، اب میں نے اسے نیلام کرنے کے لیے سر عام رکھ چھوڑا ہے۔ ضمیر پہلے آئیے، پہلے پائیے کی بنیاد پر فروخت کیا جائے گا اور ناقابل واپسی ہو گا۔
نوٹ: سیاسی جماعتیں آنے والے انتخابات میں کسی بھی حلقے سے اس خادم کو ٹکٹ دے کر اس کی خدمات سے استفادہ کر سکتی ہیں۔ فروخت کنندہ: سفید پوش خان۔ مجبورستان
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
درد مندانہ اپیل
عزت مآب وزیراعظم صاحب! گذارش ہے کہ بندہ ایک شریف، پر امن اور محب وطن شہری ہے، لیکن گذشتہ کچھ عرصہ سے مجھے مسلسل دھمکی آمیز خطوط موصول ہو رہے ہیں۔ درحقیقت کچھ خطرناک لوگوں کی نظر میری حق حلال کی کمائی ہوئی دولت پر ہے۔ کبھی مجھ سے رقم کا مطالبہ کیا جاتا ہے، کبھی میری جائیداد پر قبضے کی دھمکی دی جاتی ہے اور کبھی جیل یاترا کی۔ آپ سے دردمندانہ اپیل ہے کہ مجھے دھمکی آمیز خطوط بھیجنے والوں یعنی محکمہ انکم ٹیکس، پراپرٹی ٹیکس و قرض دہندہ بینک کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، جیسے آپ کو ایسا کوئی نوٹس موصول ہونے پر عمل میں لائی جاتی ہے۔
اپیل کنندہ: شریف شہری۔ چورستان
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
قلاش گمشدہ
ایک پرائیویٹ ڈرامہ پروڈکشن کمپنی کا خصوصی آرڈر پر تیار شدہ قیمتی دوپٹہ گم ہو گیا ہے۔ یہ دوپٹہ ڈراموں کی ہیروئنز کبھی کبھار سین کی ڈیمانڈ کے مطابق عارضی بنیادوں پر استعمال کرتی تھیں۔ وقوعہ کے روز دوپٹہ ہٰذا نے ریکارڈنگ میں وقفے کے دوران ہیروئن کی کسی’’ماہی‘‘ کے ساتھ موبائل پر باتیں سن لیں۔ اب خدا معلوم کہ وہ بے ایمان ہو کر اڑ گیا یا شرم سے کہیں ڈوب مرا؟ دوپٹے کی نشانیاں یہ ہیں کہ ست رنگا ہے، بہت ہی مختصر اور کچھ بھی چھپانے کے معاملے میں انتہائی قلاش واقع ہوا ہے۔ حتیٰ کہ اپنا نام بھی نہیں چھپاتا اور پوچھنے پر فوراً ’’قلاش دوپٹہ‘‘ بتاتا ہے۔ موصوف ہمارے اسٹوڈیوز کا اکلوتا دوپٹہ ہے، جو آپ کے کسی کام کا نہیں، لہٰذا جس کو ملے، ہمارے دفتر پہنچا کر مشکور فرمائیں۔
المشتہر: بے ڈھنگ پروڈکشن۔ شوبزنستان
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اطلاع برائے عزیزو اقارب
تمام عزیزو اقارب اور دوستوں کو مطلع کیا جاتا ہے کہ بیگم غریب خان، جو ایک سرکاری ہسپتال میں زیر علاج تھیں، اپنا علاج مکمل کروا کے گھر واپس آ گئی ہیں۔ ان کی نمازِ جنازہ آج شام 5 بجے ادا کی جائے گی۔
منجانب: غریب خان۔ غریبستان
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اپیل
میرا بیٹا روزانہ شام کو میری گاڑی لے کر اپنے دوستوں کے ساتھ گھومنے پھرنے کے لیے جاتا ہے۔ بچے کے ’’دوستوں‘‘ سے اپیل ہے کہ وہ اس کے ساتھ سیر کو ضرور جائیں مگر اپنی لپ اسٹک اور نیل پالش وغیرہ گاڑی میں چھوڑ کر نہ جایا کریں۔ شکریہ!
اپیل کنندہ: ایک باپ۔ ڈیرہ عاشقاں
لکھاری ایک فری لانس جرنلسٹ ہیں۔
ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔