اسلام آباد میں مرنا بھی مہنگا ہوگیا
اسلام آباد: کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کی جانب سے وفاقی دارالحکومت میں قبروں کی کھدائی کے لیے وصول کی جانے والی رقم میں اضافے کے باعث ایک بالغ فرد کی قبر کی کھدائی کی قیمت میں تین گنا جبکہ بچوں کی قبر کے ریٹ میں پانچ گنا اضافہ ہوگیا ہے۔
سی ڈی اے ہیڈ آفس میں ہونے والے ایک اجلاس کے دوران ایچ ۔ 11 قبرستان میں تدفین کے لیے جگہ کی فراہمی اور قبر کی کھدائی کے لیے وصول کی جانے والے رقم میں اضافے کا فیصلہ کیا گیا۔
اس طرح نوزائیدہ سے 2 سال کی عمرکے بچوں کی قبروں کی کھدائی کے نرخ 100 روپے سے بڑھ کر 500 روپے ہوگئے ہیں جبکہ بالغ افراد کی قبر کی کھدائی کے لیے اب 300 کے بجائے 1000 روپے لیے جائیں گے۔
اس حوالے سے سمری ڈائریکٹوریٹ آف میونسپل ایڈمنسٹریشن (ڈی ایم اے) کو بھیج دی گئی ہے، جس میں سفارش کی گئی ہے کہ مہنگائی میں اضافے کے باعث قبروں کی کھدائی کے لیے وصول کیے جانے والے پیسوں میں اضافہ ضروری ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ قبرستان تک میت کی منتقلی کے ریٹ میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے،جواب 4 روپے فی کلومیٹر سے بڑھ کر 20 روپے فی کلومیٹر ہوگیا ہے۔
واضح رہے کہ سی ڈی اے کے پاس اسلام آباد کے کسی بھی مقام سے میت کو قبرستان لانے کے لیے تین خصوصی تیار کردہ بسیں موجود ہیں۔