ایم کیوایم کےایک اوراہم رکن کوحراست لینے کی اطلاع
کراچی: متحدہ قومی موومنٹ کے انتخابات کے حوالے سے قائم سیل کے مرکزی رکن کو حراست میں لیے جانے کی اطلاعات ہیں۔
عمیر حسن صدیقی کو ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو کے قریب ہی عزیز آباد نمبر 8 سے حراست میں لیے جانے کی اطلاع ہے۔
متحدہ قومی موومنٹ کے اعلامیے کے مطابق رابطہ کمیٹی نے رینجرز کی جانب سے ایم کیوا یم الیکشن سیل کمیٹی کے مرکزی رکن عمیر حسن صدیقی ولد عبد السمیع صدیقی کی گرفتاری کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے ۔
ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہا کہ رینجرز نے علی الصبح عمیر حسن کو ان کی عارضی رہائش گا ہ واقعہ عزیز آباد نمبر8سے گرفتار کیا ہے اور چھاپے کے دوران رینجرز اہلکار عمیر حسن صدیقی کے زیر استعمال تمام موبائل فونز اور لیپ ٹاپ و دیگر سامان بھی اپنے ہمراہ لے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمیر حسن صدیقی تاحال لاپتہ ہیں اور انکی گرفتاری سے متعلق انکے اہل خانہ یا پارٹی کے کسی عہدیدار کو کوئی معلومات فراہم نہیں کی جارہی ہیں۔
رابطہ کمیٹی کا کہنا تھا کہ اس سے قبل بھی ایم کیوایم کے متعدد کارکنان کو گرفتار کرنے کے بعد انہیں لاپتہ کیا جاچکا ہے یاانہیں جھوٹے مقدمات میں ملوث کردیا جاتا ہے۔
رابطہ کمیٹی نے مطالبہ کیا کہ عمیر حسن صدیقی کی بلاجواز گرفتاری کا فوری نوٹس لای جائے۔
یہ بھی پڑھیں : ایم کیو ایم محمود آباد سیکٹر کا انچارج گرفتار
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے ایم کیو ایم کے محمود آباد سیکٹر کے انچارج رفیق راجپوت کو رینجرز نے حراست میں لیا جس کو عدالت میں پیش کرکے 90 دن کا ریمانڈ بھی حاصل کیا گیا۔
رینجرز نے عدالت کو بتایا کہ ملزم رفیق راجپوت کو ہفتہ کی شب ایک ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران محمودآباد سے گرفتار کیا گیا اور ملزم کے بارے میں باوثوق اطلاعات ہیں کہ وہ سانحہ بارہ مئی سمیت دیگر سنگین جرائم میں ملوث ہے۔
مزید پڑھیں : ایم کیو ایم کے سیکٹر انچارج کا 90 روزہ ریمانڈ
واضح رہے کہ متحدہ قومی موومنٹ اس وقت شدید دباؤ کا شکار ہے کیونکہ رینجرز نے سندھ ہائی کورٹ میں ایک رپورٹ جمع کروائی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ 2012 میں بلدیہ ٹاؤن میں فیکٹری میں آگ لگانے میں ایم کیو ایم ملوث ہے۔
یہ بھی پڑھیں : رینجرزکی رپورٹ میں سانحہ بلدیہ ٹاﺅن میں ایم کیو ایم ملوث قرار
فیکٹری میں آتشزدگی سے 250 سے زائد افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
ایم کیو ایم نے بلدیہ ٹاؤن فیکٹری میں آتش زدگی کے الزام میں گرفتار ملزم رضوان قریشی سے اعلان لاتعلقی کر دیا تھا اور اس کو سزاء دینے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔