الطاف حسین نے شیریں مزاری سے معافی مانگ لی
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے پاکستان تحریک انصاف کی ترجمان شیریں مزاری سے معافی مانگ لی ہے۔
ایم کیو ایم کے قائد نے گذشتہ دنوں کارکنوں سے خطاب کے دوران شیریں مزاری اور پی ٹی آئی کے دھرنے میں شریک خواتین کے خلاف غیراخلاقی زبان استعمال کی تھی جس پر ان سے معافی کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
الطاف حسین کا کہنا ہے کہ وہ دھرنے میں شریک تمام شریف خواتین سے معافی مانگتے ہیں۔
دوسری جانب کراچی میں الطاف حسین کے حق میں نکالی گئی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے رہنماؤں نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا ہے کہ کراچی والے اب عمران خان کو اب جلسہ تو کیا جلسی بھی نہیں کرنے دیں گے۔
بابر غوری نے کہا کہ عمران خان نے کراچی اور مہاجروں کے ساتھ دشمنی کی۔ عمران خان نے جاوید میانداد کو ریکارڈ نہیں توڑنےدیا اور اننگ ڈکلیئر کر دی۔
قبل ازیں عمران خان نے ایم کیو ایم کے لندن میں مقیم قائد کے خلاف برطانوی ہائی کمیشن کو ایک کھلا خط بھی تحریر کیا جس میں برطانوی شہری الطاف حسین پاکستان میں پرتشدد کارروائیوں میں ملوث ہیں اور نفرت انگیز سیاست کو فروغ دے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں: عمران خان کا الطاف حسین کےخلاف برطانیہ سے رابطہ
بابر غوری نے عمران خان کے حوالے سے دعویٰ کیا کہ وہ اس خط کو عدالت میں جھوٹا ثابت کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں جب کہیں آگ لگتی ہے تو الطاف حسین جاگتے ہیں اور اپنے کارکنوں کو وہاں بھیجتے ہیں۔
فاروق ستار کا کہنا تھا کہ وہ عمران خان کو الطاف حسین کے کردار پر مناظرے کی دعوت دیتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام کا سمندر عمران خان کی 'غیرمہذب زبان' کا جواب دینے کے لیے جمع ہے اور ان میں سے ہر کوئی الطاف حسین ہے۔
خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ پاکستان کو بچانے کے لیے آخری معرکہ شروع ہونے کو ہے۔ 'پاکستان بنایا تھا، پاکستان بچائیں گے'۔
انہوں نے اپنے کارکنوں سے کہا کہ وہ پاکستان کی دیواروں پر لکھ دیں کہ عمران خان 'رانگ نمبر' ہے۔
ایم کیوایم اور تحریک انصاف کے رہنماؤں کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ سانحہ بلدیہ ٹاؤن کے حوالے سے سندھ ہائی کورٹ میں رینجرز کی جانب سے جمع کرائی گئی تحقیقاتی رپورٹ کے بعد شروع ہوا۔
رینجرز نے اپنے رپورٹ میں ایم کیو ایم کو اس سانحے کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔
مزید پڑھیں: رینجرز رپورٹ: سانحہ بلدیہ ٹاﺅن میں ایم کیو ایم ملوث قرار
رینجرز کی رپورٹ کے بعد تحریک انصاف کی سیکریٹری اطلاعات شیریں مزاری نے ایم کیوایم کے ساتھ کسی بھی فورم پر نہ بیٹھنے کا اعلان کیا جس کے بعد الطاف حسین نے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
الطاف حسین نے شیریں مزاری سے معافی مانگ لی
متحدہ قومی مومنٹ کےقائد الطاف حسین نے پاکستان تحریک انصاف کی سیکریٹری اطلاعات شیریں مزاری سے معافی مانگ لی ہے۔
الطاف حسین کا کہنا ہے کہ ان کے بیان سے شیریں مزاری سمیت دیگرجن خواتین کی دل آزاری ہوئی ہے وہ ان سے معافی مانگتے ہیں۔
الطاف حسین کے بیان پر پی ٹی آئی کی رہنما ناز بلوچ نے کہا کہ الطاف حسین کا معافی مانگنا خوش آئند ہے تاہم رابطہ کمیٹی کو بھی اپنے بیانات پر معافی مانگنا چاہیے۔