کھیل

'امیتابھ پاک-انڈیا میچ میں کمنٹری سے پہلے نروس'

بگ بی 15 فروری کو میچ سے پہلے کمنٹری کی بھرپور ریہرسل کر رہے ہیں، ابھیشک بچن۔

ابھیشک بچن نے بتایا کہ ان کے والد اور لیجنڈ اداکار امیتابھ بچن آئی سی سی ورلڈ کپ میں پاکستان اور انڈیا کے درمیان میچ میں کمنٹری سے پہلے کافی نروس ہیں۔

دونوں روائتی حریف 15 فروری کو ایڈیلیڈ میں مد مقابل ہوں گے اور امیتابھ پہلی مرتبہ کسی میچ میں بطور مبصر نظر آئیں گے۔

بگ بی کی حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم 'شمیتابھ' کی تشہیر کیلئے سٹار اداکار کمنٹری باکس میں ہارشا بوگلے اور کپل دیو کے ساتھ میچ پر رائے دیں گے۔

شمیتابھ کے پروڈیوسر ابھیشک سے ایک تقریب میں پوچھا گیا کہ وہ اپنے والد کے کمنٹری کرنے پر کتنے پرجوش ہیں تو انہوں نے کہا 'میرے خیال میں یہ ایک اچھا آئیڈیا ہے اور فلم کے ہدایت کار بالک رشنان سے ایسے ہی آئیڈیا کی امید جا سکتی ہے'۔

' فلم کی ماکیٹنگ کیلئے جب یہ آئیڈیا سامنے آیا تو مجھے لگا کہ یہ بہت شاندار سوچ ہے'۔

جونئیر بچن نے کہا کہ ان کے والد کی آواز دنیا میں سب سے بہترین ہے۔

'میچ کے دوران ان کی کمنٹری سننے میں مزا آئے گا اور میں نے اس حوالے سے کچھ ریہرسلز بھی دیکھیں ۔ وہ بہت محنت کر رہے ہیں اور نروس بھی ہیں۔ تاہم، میرے خیال میں یہ بہت دلچسپ رہے گا'۔

خیال رہے کہ چھ فروری کو ریلیز ہونے والی 'شمیتابھ' میں دھنوش اور آکشرا ہاسن بھی اہم کرداروں میں نظر آ رہے ہیں۔

بشکریہ انڈین ایکسپریس