سانحہ بلدیہ کی رپورٹ مسترد،متحدہ کاملزم سے اظہار لاتعلقی
لندن، حیدر آباد، کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے قائد الطاف حسین نے سانحہ بلدیہ ٹاؤن پر جے آئی ٹی رپورٹ مسترد کر دی۔
الطاف حسین کا کہنا ہے کہ کسی فردِ واحد کے فعل کی ذمہ داری پوری جماعت پر ڈالنا غیر قانونی ہے۔
حیدرآباد میں یونی ورسٹی کے قیام کے حوالے سے جشن سے خطاب میں الطاف حسین نے جے آئی ٹی رپورٹ مسترد کی۔
مزید پڑھیں : رینجرز رپورٹ: سانحہ بلدیہ ٹاﺅن میں ایم کیو ایم ملوث قرار
ان کاکہنا تھا کہ ایسے بھیانک جرم میں ملوث شخص کو فوری پھانسی دی جائے، جے آئی ٹی کی رپورٹوں میں سانحہ کا الزام متحدہ قومی موومنٹ پر لگانا غیر قانونی اور غیر آئینی ہے۔
الطاف حسین نے تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ اے این پی 12 مئی 2007 کے واقعے کی سازش میں ملوث تھی۔
الطاف حسین نے سوالات اٹھائے کہ ضیاء الحق طیارہ کیس اور اوجڑی کیمپ واقعہ کی جے آئی ٹی رپورٹ کہاں ہیں؟ ، بے نظیر بھٹو قتل کیس کی تحقیقات کے لیے اقوام متحدہ اور اسکاٹ لینڈ یارڈ کو بلایا گیا لیکن اس کے حقائق سے قوم کو بے خبر رکھا گیا۔
متحدہ قومی موومنٹ کے سربراہ نے کہا کہ کہ سانحہ بلدیہ پر بھی تحقیقات کے لیے باہر سے ٹیم بلوائی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی کی رپورٹ پہلے کیوں نہیں آئی، ایسی رپورٹیں بنیں تو باقی آدھا ملک بھی نقشے سے مٹ جائیگا
|
" رضوان قریشی کا ایم کیو ایم سے تعلق نہیں"
متحدہ کے رہنما خالد مقبول صدیقی کہتے ہیں انہیں نہیں معلوم رضوان قریشی کون ہے لیکن اگر وہ سانحے میں ملوث ہے تو سزا دی جائے۔
اس سے قبل رابطہ کمیٹی نے اپنے بیان میں رضوان قریشی کے ایم کیو ایم سے تعلق کو بھی مسترد کرتے ہوئے میڈیا سے اپیل کی تھی کہ ظالم وسفاک شخص کو نہ تو ایم کیوایم کا کارکن لکھا جائے اور نہ ہی بولا جائے۔
سفاک شخص کا تعلق شیریں مزاری سے ہے، رابطہ کمیٹی
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کےاراکین نے کہاکہ بلدیہ ٹاون میں گارمنٹ فیکٹری میں آگ لگانے والے سفاک فرد کا خفیہ تعلق تحریک انصاف کی شیریں مزاری سے رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : سانحہ بلدیہ ٹاؤن بھتہ مافیاکی غیرانسانی حرکت ہے، عمران خان
رابطہ کمیٹی کے اراکین نے ایک بیان میں کہاکہ جس جماعت کا سربراہ بغیر نکاح کے ایک بچی کا باپ بن جائے اور پاکستان میں جھوٹے جھوٹے وعدے کرکے قوم کو گمراہ کرنے میں ملوث ہو، آئی ایس آئی ، ایم آئی اور ایف آئی اے کے ذریعہ تحریک انصاف کے سربراہ کے سیتا وائٹ سے غیرشرعی تعلقات اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والی بچی ٹیریان کی تحقیقات کرائی جائے۔
جماعت اسلامی پر پابندی کا مطالبہ
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے رکن اور سینئر رہنما محمد انور نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کے طالبان، القاعدہ، جنداللہ اور داعش سے مضبوط روابط ہیں لہذا جماعت اسلامی پر پابندی لگائی جائے۔
محمد انور نے ایک بیان میں کہاکہ دہشت گرد تنظیموں نے جماعت اسلامی کے تعاون اور مدد سے متعدد وارداتوں میں لاکھوں انسانوں کا بیدردی سے قتل کیا، ماضی میں جماعت اسلامی کے رہنماوں کے گھروں سے کئی دہشت گرد گرفتار کیے گئے۔