پاکستان

ٹرین مسافروں، عملہ کیلئے انشورنس پروگرام

پاکستان ریلویز نے تاریخ میں پہلی مرتبہ مسافروں اورعملے کیلئے انشورنس پروگرام پیش کر دیا۔

لاہور: تاریخ میں پہلی مرتبہ پاکستان ریلویز (پی آر) نےٹرینوں کے مسافروں اور عملے کیلئے انشورنس پروگرام پیش کر دیا۔

اس حوالے سے ہفتہ کو یہاں پی آر کے صدر دفتر میں پاکستان ریلویز اور پوسٹل لائف انشورنس کے سربراہان کے درمیان ایک معاہدہ پر دستخط ہوئے۔

وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے معاہدہ پر دستخط کے بعد صحافیوں سے گفتگو میں بتایا'ابتدا میں ہلاک ہونے والے فی مسافر کیلئے آٹھ لاکھ جبکہ زخمی یا اپاہج مسافر کیلئے 30 سے 50 ہزار روپے معاوضہ ادا کیا جائے گا'۔

سعد رفیق نے مزید بتایا: معاہدہ ناصرف ٹکٹ رکھنے والے مسافروں بلکہ ملک بھر میں کہیں بھی کسی بھی ٹرین پر سفر یا ڈیوٹی ادا کرنے ریلوے ملازمین کیلئے لاگو ہو گا۔

وزیر ریلوے کا کہنا تھاانشورنس کا دعوی 21 دنوں میں نمٹایا جائے گا جبکہ ادائیگی 45 دنوں میں ہو گی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ معیاد پور ی ہونے پر اس تین سالہ معاہدہ میں مزید دو سال کی توسیع ممکن ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریلوے کے تمام ملازمین کیلئے ایک لائف انشورنس پلان پر بھی کام جاری ہے۔'ہم بہترین آفر دینے والی کمپنی کے ساتھ ہی معاہدہ کریں گے'۔

وزیر ریلوے کے مطابق ریلوے کا پبلک ڈیولپمنٹ پروگرام 16-2015 مکمل ہونےکے بعد رواں مہینے کے آخر تک قومی اسمبلی کی متعلقہ قائمہ کمیٹی کو بھجوا دیا جائے گا۔

دوسری جانب ، پانچ ریلوے سٹیشنوں کی تزئین و آرائش کے منصوبہ کے پہلے مرحلے پر کام شروع کرنے کے لیےپاکستان ریلویز اور نیشنل انجینئرنگ سروسز پاکستان کے درمیان اجلاس منعقد ہو گا۔