پاکستان

چارسدہ: اسکول کی گاڑی پر مسلح افراد کا حملہ

گاڑی میں 15 بچے سوار تھے فائرنگ سے ایک بچی زخمی ہوئی، پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔

چارسدہ: خیبر پختونخوا کے ضلع چارسدہ میں ایک اسکول کی گاڑی پر مسلح افراد نے حملہ کیا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق اسکول وین میں 15 بچے اور بچیاں سوار تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ نامعلوم افراد کی نجی اسکول کی وین پر فائرنگ سے ایک بچی زخمی ہوئی۔

اسکول کی گاڑی پر ہونے والے حملے کے فوری بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔

ذرائع کے مطابق زخمی بچی کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال چارسدہ منتقل کیا گیا۔

پولیس کے مطابق تھانہ سر ڈھیری کے گاوں میاں خیل میں گاڑی پر حملہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حملہ آروروں کا نشانہ گاڑی کا ڈرائیور تھا جس کو مخالفین نشانہ بنانا چاہتے تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ڈرائیور اس حملے میں محفوظ رہا لیکن حملے میں اسکول وین میں موجود ایک بچی زخمی ہوئی ہے۔

گاڑی پر حملے کا مقدمہ درج کر لیا گیا جس میں ڈارائیور نے مخالفین کو نامزد کیا ہے جن میں مختیار احمد مرکزی ملزم اور اس کے دیگر ساتھیوں میں ظفر اللہ، شاکر اللہ، تیمور شامل ہیں۔

ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال انتظامیہ کے مطابق طالبہ کو ہاتھ پر گولی لگی تھی جس کو فوری طور پر اس کو طبی امداد دی گئی، طالبہ کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ طالبہ گورنمنٹ گرلز کالج چارسدہ کی طالبہ ہیں۔

ذرائع کے مطابق گاڑی میں مختلف اسکولوں کے طلباء و طالبات کو ان کے اسکولوں میں پہنچا دیا گیا تھا۔