پاکستان

متحدہ کے وفد کی پیرپگارا اور مشرف سے ملاقاتیں

ایم کیو ایم کے وفود کی آج کی ملاقاتوں کے بعد صوبائے سندھ میں سیاسی درجہ حرارت میں ایک بار پھر اضافہ ہوگیا ہے

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ کے دفود نے جمعرات کے روز پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کے سرہراہ پیرپگارا اور آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔

ڈان نیوز کے مطابق دونوں ملاقاتوں کے دوران سینٹ الیکشن اور سندھ میں مضبوط اپوزیشن کا کردار ادا کرنے پر بات چیت کی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مخدوم امین فہیم کی سابق صدر زرداری سے ملاقات اور زرداری کی جانب سے ان کے خدشات دور کرنے کے بعد سندھ میں سیاسی ہلچل تھم گئی تھی تاہم ایم کیو ایم کے وفود کی آج کی ملاقاتوں کے بعد سندھ میں سیاسی درجہ حرارت ایک بار پھر اضافہ ہوگیا ہے۔

سندھ کی بیشتر اپوزیشن جماعتوں نے پیپلزپارٹی کی صوبے میں جاری سیاست کے خلاف متحد ہو کو میدان میں آنے کا فیصلہ کرلیا ہے اور اسی حوالے سے سیاسی رہنماؤں کی ملاقاتوں کا سلسلہ بھی ایک بار دوبارہ شروع ہوگیا ہے۔

اپوزیشن سے تعلق رکھنے والی جماعتوں کو یکجا کرنے کے لیے ایک بار پھر پیرپگارا میدان میں نکل آئے ہیں۔

ایم کیو ایم کے وفد نے پیرپگارا سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں اپوزیشن جماعتوں کو یکجا کیا جا رہا ہے تاکہ وہ اپنا کردار بھرپور طریقے سے ادا کرسکیں۔

اس سے قبل ایم کیو ایم کے ایک وفد نے سابق صدر سے بھی ملاقات کی اور ملکی خصوصاً سندھ کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

ایم کیو ایم کے وفد میں ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، ڈاکٹر فاروق ستار اور حیدرعباس رضوی سمیت دیگر رہنما شامل تھے۔