کوہاٹ : کسٹم کے 5 اہلکار ہلاک
پشاور: خیبر پختونخوا کے علاقے کوہاٹ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے کسٹم کے گشت پر مامور 5 اہلکار افراد ہلاک ہو گئے۔
صوبائی دارالحکومت پشاور سے 80 کلومیٹر کی دوری پر واقع کوہاٹ میں نصف شب کے وقت اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا۔
ڈسٹرکٹ کوہاٹ کے پولیس چیف شعیب اشرف کا کہنا تھا کہ تین مسلح افراد نے کسٹم اہلکاروں پر فائرنگ کی جس سے 4 افراد تو موقع پر ہی ہلاک ہو گئے تھے جبکہ پانچواں اہلکار اسپتال منتقلی کے دوران ہلاک ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ حملہ آوروں کی فوری طور پر تو شناخت نہیں ہو سکی البتہ یہ دہشت گردی کا ہی واقع ہے۔
ایک اور پولیس اہلکار اقبال محمود کا کہنا تھا کہ حملہ آور افراد رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پیدل ہی فرار ہوئے۔
کسٹم حکام نے بھی واقعہ کی تصدیق کر دی ہے۔
کسٹم حکام کے مطابق دہشت گردوں نے ہمارے اہلکاروں پر حملہ کیا، اس حملے میں پانچوں اہلکار مارے گئے ہیں، ان پانچوں کا تعلق کوہاٹ اور کرک کے علاقوں سے ہی تھا۔
واضح رہے کہ خیبر پختونخوا میں سرکاری حکام ، انسداد پولیو رضاکاروں اور دیگر عسکریت پسندوں کی جانب سے نشانہ بنایا جاتا ہے۔
کسٹم حکام بعض اوقات جرائم پیشہ عناصر کا بھی نشانہ بنتے ہیں۔
پاکستانی حکومت نے 16 دسمبر 2014 کو پشاور میں آرمی پبلک اسکول پر عسکریت گردوں کے حملے کے بعد دہشت گردوں کے خلاف کاروائیاں تیز کر دی ہیں۔