'ہاکی وزیر اعظم کی توجہ کی محتاج'
اسلام آباد: پاکستان کا قومی کھیل ہاکی زندہ رہنے کیلئے وزیر اعظم نواز شریف کی توجہ مانگ رہا ہے۔
'فنڈز کی کمی کی وجہ سے ہاکی ختم ہو رہی ہے اور سلطان اذلان شاہ اور اولمپک کوائلی فائرز میں ہماری شرکت غیر یقینی لگ رہی ہے'۔
یہ کہنا ہے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری رانا مجاہد کا۔'اگر فنڈز جاری نہ کیے گئے تو ہم یہ مواقع گنوا دیں گے'۔
چیمپئنز ٹرافی اور ایشین گیمز میں شاندار پرفارمنس دکھانے پر قومی ٹیم کے اعزاز میں جمعہ کو نیشنل پریس کلب میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا مجاہد اور آصف باجوہ نے بتایا کہ فیڈریشن کو شدید مالی بحران کا سامنا ہے۔
مجاہد نے بتایا کہ پچھلے کئی مہینوں سے وزیر اعظم ہاؤس میں 50 کروڑروپے جاری کرنے کی درخواست پڑی ہے۔ 'ہم درخواست کرتے ہیں کہ ملک اور کھیل کے عظیم مفاد میں ہماری فائل پر فوری منظور ی دی جائے'۔
ان کا کہنا تھا کہ اب تک ہاکی نے ملک کو 67 میڈل جتوائے۔'ہم ورلڈ چیمپئنزاور اولمپک چیمپئنز رہ چکے ہیں۔ہم نے تقریباً تمام ہی بڑے ٹائٹل جیتے، لیکن بدقسمتی سے اس کھیل پر توجہ نہیں دی جا رہی '۔
'اگر حکومت چاہتی ہے کہ ہاکی ختم ہو جائے تو آہستہ آہستہ اسے مارنے کے بجائے صاف الفاظ میں بتا دیا جائے'۔
انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم ہاؤس نے پچھلے بیس مہینوں سے پی ایچ ایف کو کوئی فنڈز نہیں دیے۔
'وزیر اعظم ہاکی کے پیٹرن ہیں اور انہیں ہماری فریاد سننی چاہیئے'۔ مجاہد کے مطابق، پی ایچ ایف نے اپنے محدود فنڈز کی مدد سے ایشین گیمز اور چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کی۔
'تمام مسائل کے باوجود ان دنوں بڑے ایونٹس میں ہماری پرفارمنس اطمینان بخش رہی اور ہم رنر اپ رہے'۔
باجوہ نے تقریب سے خطاب کے دوران کہا کہ پاکستان کیلئے بہت سے اعزازات جیتنے والی ہاکی اب مرنے والی ہے۔
'ایک ایک کر کے ملک کے تمام ادارے تباہ ہو چکے ہیں اور اب ہاکی کی باری ہے'۔
انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ قومی کھیل کو بچانے کیلئے آگے آئے۔
سینٹر فارورڈ توثیق اور ارسلان نے ڈان سے گفتگو میں حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ جلد از جلد فنڈز جاری کرے۔
انہوں نے بتایا کہ قومی ٹیم کو عالمی اور مقامی سطح پر ایونٹس کھیلنے کی شدید ضرورت ہے۔