پاکستان

سیالکوٹ : ہندوستانی گولہ باری سے مکانات کو نقصان

بی ایس ایف کی ورکنگ باؤنڈری کے قریب پاکستانی دیہات پربلااشتعال گولہ باری، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

سیالکوٹ: انڈین بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) نے جمعرات کو ورکنگ باؤنڈری کے قریب پاکستانی دیہات پر بلااشتعال شدید گولہ باری کی۔

گولہ باری کا نشانہ بننے والے دیہات میں شارواہ، جوئیاں، ہرپل، انولا،دھمالا، بجرہ گڑھی،عمیروالا، تھٹی مندروال، رنگور، بھاگی یاری شامل ہیں۔

چناب رینجرز کے مطابق، بی ایس ایف نے دو دن تک خاموشی کے بعد شام سات بجے بھاری گولہ باری شروع کر دی جو رات گئے تک جاری رہی۔

کھیتوں میں گرنے والے کچھ انڈین شیل پھٹ نہ سکے لیکن دوسرے شیلوں کی وجہ سے مختلف مکانوں کو نقصان پہنچا۔

حکام نے بتایا کہ چناب رینجرز کی موثر جوابی کارروائی پر ہندوستانی بندوقیں خاموش ہو گئیں۔

گولہ باری میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

رینجرز حکام نے بتایا کہ بی ایس ایف نے جنگ بندی معاہدہ کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے چھوٹے اور بھاری ہتھیاروں کی مدد سے شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔