پاکستان

شمالی وزیرستان میں فضائی کارروائی، 76 دہشت گرد ہلاک

کارروائی میں انتہائی اہم غیر ملکی دہشت گرد بھی ہلاک ہوئے ہیں، آئی ایس پی آر۔

پشاور: شمالی وزیرستان میں جیٹ طیاروں کی بمباری سے 76 دہشتگرد ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ دہشتگردوں کی چھ پناہ گاہیں بھی تباہ کردی گئی ہیں۔

ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں پاک فضائیہ نے دہشتگردوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی۔

بمباری کے نتیجے میں 76 دہشتگرد ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ دہشتگردوں کے چھ ٹھکانے اور بارود سے بھی سات گاڑیاں بھی تباہ کردی گئی ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی میں مارے جانے والے دہشتگردوں میں انتہائی اہم غیر ملکی دہشتگرد بھی شامل ہیں۔

تاہم علاقے میں صحافیوں کی محدود رسائی کے باعث اس معلومات کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہوسکی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز سیکورٹی فورسز کی خیبر ایجنسی کی تیراہ وادی میں فضائی کارروائی کے نتیجے میں کم از کم آٹھ عسکریت پسند ہلاک ہوگئے تھے۔

پاک فوج کی جانب سے شمالی وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب جبکہ خیبر ایجنسی میں آپریشن خیبر ون جاری ہے۔