دنیا

فیس بک اور انسٹاگرام کی سروسز بحال

دنیا بھر میں جزوی طور پر سماجی رابطوں کی فیس بک اور انسٹاگرام بند ہونے وجوہات فوری طور پر سامنے نہیں آئیں۔

نیو یارک : سماجی رابطوں کی ویب سائٹس فیس بک اور انسٹاگرام منگل کی صبح تیکنیکی خرابی کے باعث ایک گھنٹے تک بند رہنے کے بعد بحال ہو گئیں۔

فیس بک کے ساتھ ساتھ کمپنی کی دوسری بڑی سروس انسٹا گرام کے سرور میں بھی خرابی کے باعث صارفین کو اس تک رسائی میں مشکل پیش آئیں۔

فیس بک کی بندش کے ساتھ ہی دیگر مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر اس کا تذکرہ شروع ہو گیا اور کچھ منٹوں میں ہیش ٹیگ #FaceBookDown نے مقبولیت حاصل کر لی۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق فیس بک نے ویب سائٹ کی بندش پر اپنے صارفین سے معافی مانگتے ہوئے کہا کہ ویب سائٹ کو دوبارہ بحال کرنے کوشش کی جا رہی ہے۔

دوسری جانب فیس بک کی جانب سے فوری طور پر کوئی بیان سامنے نہیں آیا تاہم تقریباً ایک گھنٹے کی بندش کے بعد سماجی رابطے سب سے بڑی ویب سائٹ بحال ہو گئی۔

اس بندش کے دوران فیس بک کا موبائل میسنجر بدستور کام کرتا رہا۔

یاد رہے کہ ستمبر 2014 میں بھی فیس بک کی سروس دو مرتبہ متاثر ہوئی تھی۔

لیزرڈ اسکواڈ نامی ایک ٹویٹر اکاؤنٹ پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹس کی بندش اور ای میل اکاؤنٹس ہیک کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔