پاکستان

رینجرز کا ہندوستانیوں سے مٹھائی لینے سے انکار

انڈین بی ایس ایف نے پاکستان رینجرز کو اپنے یوم جہہوریہ کے موقع پر مٹھائی پیش کی تاہم رینجرز نے لینے سے انکار کردیا۔

لاہور:ہندوستان کی بارڈر سیکیورٹی فورس (بی ایس ایف) نے پاکستان رینجرز کے اہلکاروں کو اپنے ملک کے یوم جہہوریہ کے موقع پر مٹھائی پیش کی تاہم پاکستان رینجرز نے مٹھائی لینے سے انکار کردیا۔

ذرائع کے مطابق پیرکوبی ایس ایف کی جانب سے پیش کی گئی مٹھائی لینے سے انکار اس بات کا اظہار تھا کہ پاکستان رینجرز، ہندوستانی فورسز کی جانب سے ورکنگ باؤنڈری اور لائن آف کنٹرول پر ہونے والی بلا اشتعال فائرنگ اور شیلنگ سے ناخوش ہیں۔

واضح رہے کہ پاک۔ ہندوستان سرحد پر فائرنگ اور شیلنگ کے باعث اب تک متعدد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

اور یہ پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ پاکستانی فورسز نے ہندوستانی بارڈر سیکیورٹی فورسز کی جانب سے پیش کی گئی مٹھائی لینے سے انکار کیا ہو۔