پاکستان

تیل بحران کےبنیادی ذمہ دار وزیراعظم ہیں،خورشید شاہ

خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ اگر وزیراعظم پارلیمنٹ میں باقاعدگی سے آتے تو انہیں احساس ہوتا کہ پیٹرول بحران ہونیوالا ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ تیل بحران کی بنیادی ذمہ داری وزیراعظم نواز شریف پر عائد ہوتی ہے۔

ڈان نیوز کے پروگرام ' ان فوکس' میں گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ اوگرا کے چیئرمین اور سیکریٹری پیٹرولیم کا کہنا تھا کہ وہ تیل کی کمی کے خدشات سے حکومت کو برابر مطلع کرتے رہے، جبکہ وہ خود بھی اس حوالے سے قومی اسمبلی میں توجہ دلاتے رہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر وزیراعظم پارلیمنٹ کے اجلاس میں باقاعدگی سے آتے تو انہیں یہ احساس ہوجاتا کہ پیٹرول کا بحران ہونے والا ہے۔

ملک کے بڑے حصے میں بجلی کے بریک ڈاؤن پرخورشید شاہ کا کہنا تھا کہ یہ متعلقہ ادارے کی نااہلی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ملک میں فرنس آئل کی شدید کمی ہے اور اس کمی کو پورا ہونے میں تین سے چار دن لگ سکتے ہیں۔

خورشید شاہ نے کہا کہ وفاقی وزیر برائے پانی و بجلی خواجہ آصف ان معاملات کے ماہر ہیں اور پیپلز پارٹی کے گزشتہ دور حکومت میں وہ سپریم کورٹ میں جا کر بجلی کے بحران کے حوالے سے بڑی تجاویز بھی دیتے رہے ہیں۔

قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ وہ اس معاملے کو زیادہ اس لئے نہیں اٹھارہے کیونکہ وہ چاہتے ہیں کہ پارلیمنٹ کو چلنے دیا جائے۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ عوام سیاست دانوں کی حرکتوں اور نالائقیوں کی وجہ سے تنگ ہیں۔

کے الیکٹرک کو 650 میگاواٹ بجلی کی فراہمی کے حوالے سے سید خورشید شاہ نے کہا کہ اگر کراچی جیسا شہر اندھیرے میں ڈوب گیا تو خود حکومت کیلئے بڑے مسائل پیدا ہوجائیں گے۔

سید خورشید شاہ نے کہا کہ قومی اداروں کی نجکاری پیپلز پارٹی کی پالیسی نہیں رہی تاہم ن لیگ اور مشرف دور میں مختلف اداروں کو پرائیویٹائز کیا گیا جبکہ گزشتہ پانچ سالہ دور حکومت میں پی پی نے نجکاری کے بجائے مزدوروں کو 12 فیصد شیئرز دینے کی پالیسی بنائی تھی۔

دوسری جانب وفاقی وزیر پانی وبجلی خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ اوچ میں ٹرانسمیشن لائنوں کودہشت گردوں نےاڑا دیا، جس کے نتیجے میں گدو بجلی گھر کے ٹرپ ہونے سے تمام نظام تباہ ہوگیا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ سات ہزار پانچ سو میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل کردی گئی ہے اور آج صورتحال بہتر ہونے پر مزید بجلی بھی دستیاب ہوگی۔

خواجہ آصف نے پیٹرول بحران کو بجلی کے بریک ڈاؤن کی وجہ قرار دینے سے متعلق قیاس آرائیوں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ایندھن کی مسلسل فراہمی بحال ہوگئی ہے اور پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کے ذریعے فرنس آئل کے 12 کارگو منگوائے گئے ہیں۔