پاکستان

مشرف کی سعودی فرماں روا کی تعزیت کیلئے وزارت داخلہ کو درخواست

شاہ عبداللہ بھائیوں کی طرح تھے، سعودی عرب جاکر تعزیت کرنا چاہتا ہوں، مشرف کا درخواست میں موقف۔

اسلام آباد: شاہ عبد اللہ کے انتقال پر تعزیت کیلئے سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف نے سعودی عرب جانے کیلئے وزارت داخلہ کو درخواست دے دی۔

ڈان نیوز کے مطابق پرویز مشرف کی جانب سے انکے وکیل نے وزارت داخلہ میں درخواست جمع کرادی ہے۔

سعودی عرب کے بادشاہ شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز جمعے کے روز 91 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔

سعودی عرب کے مرحوم بادشاہ کی نماز جنازہ میں وزیر اعظم پاکستان نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف سمیت دنیا کے بڑے بڑے رہنماؤں نے شرکت کی۔

مشرف نے اپنی درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ وہ تعزیت کیلئے سعودی عرب جانا چاہتے ہیں اور شاہ عبداللہ ان کے بھائیوں کی طرح تھے۔

درخواست میں ان کا کہنا تھا کہ شاہ عبداللہ سے ان کے دیرینہ اور دوستانہ مراسم تھے اور ان ہی کے دور میں شاہ عبداللہ نے پاکستان کا دورہ کیا۔

مشرف ان دنوں کراچی میں اپنی بیٹی کی رہائشگاہ پر رہ رہے ہیں اور ان کا نام ای سی ایل میں شامل ہے جس کے تحت ان پر پاکستان سے باہر جانے پر پابندی ہے۔