اکشے کمار کی فلم 'بے بی' پر پاکستان میں پابندی عائد
کراچی اور اسلام آباد کے سینسر بورڈز نے فیصلہ کیا ہے کہ اکشے کمار کی فلم 'بے بی' کو متنازعہ مواد کے باعث پاکستان میں اسکرین نہ کیا جائے۔
فلم کے ڈسپٹریبیوٹر ایورریڈی پکچرز کے ایک نمائندے نے ڈان کو بتایا کہ پاکستان میں فلم پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
' اسلام آباد اور کراچی کے سینسر بورڈز نے فلم پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے کیوں کہ فلم میں مسلمانوں منفی تصویر پیش کی گئی ہے اور فلم کے منفی کرداروں کے لیے مسلم ناموں کا انتخاب کیا گیا ہے۔ فلم کی سی ڈیز اور ڈی وی ڈیز پر بھی اسلام آباد میں پابندی عائد کردی گئی ہے۔ کمپنی نے بھی اس طرح کا موقف اختیار کیا ہے اور فلم کو پاکستان میں ریلیز نہیں کیا جائے گا'
سینسر بورڈ کے چیئرمین فخر عالم نے بھی بورڈ کے فیصلے کے حوالے سے ٹوئیٹ کیا۔
|
اس سے قبل فلم کے ڈائریکٹر نیرے پانڈے نے کہا تھا کہ ان کی فلم پاکستان مخالف نہیں ہے۔
فلم کے ستاروں میں پاکستانی ڈرامہ اداکار میکال ذوالفقار اور رشید ناز شامل ہیں جنہوں نے شعیب منصور کی فلم خدا کے لیے میں ولن کا کردار نبھایا تھا۔
فلم کو پاکستان میں 23 جنوری کو ریلیز ہونا تھا تاہم کراچی کے سینماؤں نے پابندی کے خطرے کے پیشنظر اسے اپنی ویب سائٹس سے ہٹانا شروع کردیا تھا۔
اس سے قبل بورڈ نے پاکستان مخالف ہونے کی وجہ سے ہندوستانی فلم 'حیدر' اور 'ایک تھا ٹائیگر' پر بھی پابندی عائد کی تھی۔
|