اسلام آباد سے 4 طالبان 'دہشت گرد' گرفتار
اسلام آباد: سیکیورٹی فورسز نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علاقے کھنہ میں کارروائی کے دوران کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے چار مشتبہ دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔
منگل کو رات گئے سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر راولپنڈی اور اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں کارروائی کی۔
انٹیلی جنس ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا سے چند دہشت گرد اسلام آباد میں دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے داخل ہوئے تھے۔
گرفتار کیے گئے طالبان دہشت گردوں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی، جبکہ دیگر مشتبہ ملزمان کی تلاش میں چھاپے مارے جارہے ہیں۔
گزشتہ روز بھی راولپنڈی میں ایک مبینہ خود کش حملہ آور نے پولیس کے روکے جانے پر فرار ہونے کی کوشش کی جس کو سر میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔
مزید پڑھیں:راولپنڈی : 'خود کش حملہ آور' پولیس کی فائرنگ سے ہلاک
پولیس کا کہنا تھا کہ راولپنڈی سے پشاور جانے والی ایک بس کو مین جی ٹی روڈ پر روکا گیا اور ایک مسافر کو مشتبہ قرار دے کر گرفتار کیا گیا تاہم اس شخص نے فرار ہونے کی کوشش کی، جسے پولیس کی جانب سے گولی مار کر ہلاک کردیا گیا۔
واقعے میں شاہد نامی ایک پولیس کانسٹیبل زخمی بھی ہوا۔
اٹک سے تعلق رکھنے والے ہلاک دہشت گرد کا نام آصف بتایا گیا، جس کے بارے میں شبہ ہے کہ اس کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے۔
واضح رہے کہ 10 جنوری کو بھی راولپنڈی میں ایک دھماکے میں 8 افراد ہلاک اور 16 زخمی ہو گئے تھے۔