عمران خان کے خلاف 20 ارب ہرجانے کا دعویٰ
اسلام آباد: سپریم کورٹ کے سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے چئیرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے خلاف ہتک عزت کا 20ارب روپے ہرجانے کا دعوٰی دائر کر دیا ہے۔
سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کے وکلاء شیخ احسن الدین اور توفیق آصف نے اسلام آباد کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نذیر احمد گجانہ کی عدالت میں عمران خان کے خلاف ہتک عزت کا دعوٰی دائر کیا۔
یہ بھی پڑھیں : افتخار چوہدری کا عمران خان کو ہتک عزت کا نوٹس
وکلاء کے توسط دائر درخواست میں افتخار چوہدری نے موقف اختیار کیا ہے کہ عمران خان نے ان پر الیکشن میں دھاندلی کے جھوٹے الزامات لگائے، عمران خان تواتر سے جلسوں میں الزامات دہرا کر ان کی ساکھ متاثر کر رہے ہیں۔
اسلام آباد کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نذیر احمد گجانہ کی عدالت میں دائر درخواست میں مزید یہ بھی کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ میں عمران خان کے وکیل حامد خان نے تسلیم کیا تھا کہ کچھ باتیں عمران خان جذبات یا مایوسی کے عالم میں کہہ گئے ہیں تاہم اس کے بعد سے عمران خان نے مجھ پر الزامات کا نیا سلسلہ شروع کر رکھا ہے جو سراسر غلط ہے۔
افتخار چوہدری نے درخواست میں کہا ہے کہ ان کی ساکھ مجروح کرنے پر عمران خان سے 20ارب روپے بطور ہرجانہ دلوائے جائیں۔
مزید پڑھیں : افتخار چوہدری کا عمران خان کے خلاف کارروائی جاری رکھنے کا عزم
عدالت نے عمران خان کو 29جنوری کا نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب مانگ لیا ہے۔
افتخار چوہدری کے وکیل شیخ احسن الدین کا کہنا تھا کہ عمران خان کے الزامات جھوٹے ہیں، تحریک انصاف کے سربراہ اپنے الزامات عدالت میں ثابت کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ دھاندلی کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بنا تو افتخار چوہدری بھی اس میں پیش ہو کر اپنا موقف بیان کریں گے۔
ہرجانے کا کیس ضرور لڑوں، عمران خان
پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا کہنا تھا کہ افتخار محمد چوہدری کی جانب سے دائر کیے جانے والے ہرجانے کے دعویٰ کے کیس کو ضرور لڑوں گا۔
بنی گالہ سے پشاور روانگی کے پوقع پر صحافیوں سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ آزاد عدلیہ کے لیے ہم نے جدوجہد کی تھی اور جیل گئے جبکہ 2013 میں سابق چیف جسٹس کا جو کردار رہا ہے اب وہ سامنے آ رہا ہے۔
20 ارب روپے ہرجانے کے حوالے سے عمران خان نے کہا کہ یہ بہت بڑی رقم ہے میرے پاس تو اتنا پیسہ نہیں ہے، ارسلان افتخار نے بڑا پیسہ بنایا ہے میں ان سے پیسہ لے لوں گا۔