پیٹرول بحران: پرویز الہیٰ کا 'سائیکل' کے سہارے کا مشورہ
لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ق) کے رہنما چوہدری پرویز الہیٰ نے موجودہ پیٹرول بحران کے پس منظر میں 'سائیکل' کی اہمیت پر روشنی ڈالی ہے، جو ان کی پارٹی کا انتخابی نشان بھی ہے۔
پیر کو مسلم لیگ (ق) کی جانب سے جاری کی گئی ایک پریس ریلیز میں پرویز الہیٰ کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں سے اپنی رہائش گاہ پر ملاقات میں انھوں نے موجودہ پیٹرول بحران میں لوگوں کو 'سائیکل' کا سہارا لینے کا مشورہ دیا ہے۔
سابق نائب وزیراعظم اور صوبہ پنجاب کے سابق وزیراعلیٰ پرویز الہیٰ نے پیٹرول کی قلت کے ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا، جس نے پورے صوبے میں کاروبارِ زندگی کو مفلوج کردیا ہے۔
پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ وہ پیٹرول بحران کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ 'عوام گزشتہ ایک ہفتے سے شدید مشکلات کا سامنا کر رہی ہے اور حکمرانوں کی جانب سے ابھی ایندھن بحران کے ذمہ داران کا تعین کرنا باقی ہے'۔
ان کا کہنا تھا کہ پورے پنجاب میں لوگ پیٹرول کی تلاش میں مارے مارے پھر رہے ہیں اور گیس اور بجلی کی لود شیڈنگ میں اضافے نے ان کی مشکلات کو مزید بڑھا دیا ہے۔
پرویز الہیٰ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے اقتدار میں آنے کے بعد کم سے کم مدت میں لوڈ شیڈنگ کے خاتمہ کا دعویٰ کیا تھا لیکن ہر گزرتے دن کے ساتھ لوڈ شیڈنگ میں اضافہ ہی ہوتا جا رہا ہے اور اب پیٹرول کی قلت حکومت کی ناکامی اور نااہلی کی واضح مثال ہے۔
مسلم لیگ (ق) رہنما نے بتایا کہ 2007 ۔ 2002 میں جب وہ وزیراعلیٰ پنجاب تھے، اشیاء کی قیمتوں اور امن وامان کی صورتحال پر نظر رکھی جاتی تھی، لیکن اب حکومتی کارکرگی کھل کر سامنے آگئی ہے اور گڈ گورننس صرف اشتہاری مہم تک ہی محدود ہو کر رہ گئی ہے۔
پرویز الہیٰ کا مزید کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں کو سیکیورٹی کی فراہمی سمیت ہر سیکٹر میں حکومت کی نااہلی ظاہر ہوگئی ہے۔