پاکستان

پائیدار امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ضروری ہے، آرمی چیف

جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ خطے میں پائیدار امن کیلئے مسئلہ کشمیرحل کرنا ہوگا۔

آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے نے خطے میں پائیدار امن کیلئے مسئلہ کشمیرکاحل لازمی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان، ہندوستان سے کشیدگی نہیں امن چاہتا ہے۔

لندن میں انٹر نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسڈیز سے خطاب میں پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ خطے میں پائیدار امن کیلئے مسئلہ کشمیرحل کرنا ہوگا۔

دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن ضرب عضب کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ بلاتفریق کارروائیاں جاری ہیں اور اس آپریشن میں تیزی سے پیشرفت ہورہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شمالی وزیرستان میں اہم کامیابیاں ملیں ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد جاری ہے جب کہ ملک کو دہشت گردی سے جلد پاک کردیں گے۔

افغانستان سے تعلقات کے حوالے سے آرمی چیف نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ تعلقات میں بہتری آرہی ہے اور دونوں ملک انسداد دہشت گردی ایک دوسرے سے تعاون کررہے ہیں۔

بعد ازاں لندن میں میڈیا کوبریفننگ دیتے ہوئے پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل عاصم باجوہ نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب کامیاب سے جاری ہے، برطانوی حکام کو دورے کے دوران ضرب عضب کی کامیابیوں سے آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ ضرب عضب میں متعدد علاقے کلئیر کرائے جاچکے ہیں، ضرب عضب میں متاثر ہونے والوں کی آئندہ ماہ واپسی شروع ہوجائے گی جبکہ خیبرایجنسی کو بھی جلد کلئیر کرالیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ برطانوی حکام سے فوجی تعاون پر بات ہوئی ہے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے کشمیر کا مسئلہ حل کرنا ہوگا۔