لائف اسٹائل

بشرمومن کےبعد فیصل قریشی مختلف روپ میں

فیصل قریشی کی اس سیریل کا انتظار پرستار بے تابی سے کررہے ہیں اور اس کا آغاز 26 فروری سے ہورہا ہے۔

بشر مومن میں دھوم مچانے کے بعد معروف پاکستانی ٹی وی اداکار فیصل قریشی اب اے آر وائی ڈیجیٹل کے ایک ڈرامے میں عاشق حسین کے کردار میں نظر آنے والے ہیں۔

اس باصلاحیت اداکار کی اس سیریل کا انتظار پرستار بے تابی سے کررہے ہیں اور اس کا آغاز 26 فروری سے ہورہا ہے۔

عاشق حسین کا کردار بشر مومن کے مہذب و خوش اخلاق کردار سے مختلف ہے اور فیصل قریشی خود بتاتے ہیں " یہ ایک تفریحی کردار ہے جو کہ ان تمام کرداروں سے ایک ہزار گنا مختلف ہے جو میں پہلے کرچکا ہوں"۔

انہوں نے بتایا کہ عاشق حسین میں میرا کردار ایک نچلے طبقے سے تعلق رکھنے والے خاندان سے تعلق رکھتا ہے جو اپنی بیوی اور چھ بچوں کے ساتھ سادہ زندگی گزار رہا ہوتا ہے، تاہم جلد معلوم ہوتا ہے کہ اس نے اپنی دوسری شادی کو سب سے چھپا رکھا ہے اپنے نام کی طرح عاشق صاحب نے اپنا دل ہاتھوں میں لے رکھا ہوتا ہے اور وہ کسی بھی وقت شادی کا فیصلہ کرلیتا ہے۔

تاہم فیصل قریشی نے مزید بتایا کہ اگرچہ عاشق کو اپنے اقدامات کے نتائج ڈرامے میں بھگتنا پڑتے ہیں مگر وہ کوئی منفی کردار نہیں بلکہ وہ تو اپنے بے ضرر ارادوں کے ساتھ قابل تعریف ہے۔

فیصل قریشی کا کہنا تھا کہ عاشق حسین ایک ہلکا پھلا سماجی ڈرامہ ہے جس کا پلاٹ بہت دلچسپ ہے یہاں تک کہ اس کی کہانی نے تو مجھے اتنا ہنسایا کہ میری آنکھوں سے آنسو بہہ نکلے۔

بگ بینگ انٹرٹینمنٹ کی جانب سے جاری ویڈیو میں فیصل بتاتے ہیں کہ اچھے پلاٹ نے انہیں اس پراجیکٹ کا حصہ بننے پر مجبور کیا۔

عاشق حسین کی کاسٹ میں صائمہ، نیلم منیر ، نئی اداکارہ ماہا (دوسری بیوی سے شہرت حاصل کرنے والی)، سلیم معروج، صبور، مومل خالد، اور فیصل کی اپنی والدہ افشاں قریشی شامل ہیں، انجم شہزاد اس ڈرامے کے ڈائریکٹر ہیں جبکہ اسے ثناءفہد نے تحریر کیا ہے۔