پاکستان

فوجی عدالتیں مسائل کا حل نہیں،سراج الحق

امیرجماعت اسلامی کے مطابق تحفظ پاکستان آرڈیننس لایاگیا،عدالتیں بنیں،کام کچھ نہیں ہوا،قوانین تبدیل کرنےکافائدہ نہیں ہوگا

لاہور: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ فوجی عدالتیں موجودہ مسائل کا حل نہیں، جمہوری معاشرے میں سول عدالتوں کا کورٹ مارشل افسوسناک ہے۔

لاہور سے صحافیوں سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ تحفظ پاکستان آرڈیننس لایا گیا، عدالتیں بھی بنیں، کام کچھ نہیں ہوا، ہر بار قوانین تبدیل کیے جاتے رہے، فائدہ کچھ نہیں ہوا، حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ میں 100فیصد ناکام ہوگئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت شور مچاتی رہتی ہے مگر بے عملی کا شکار ہے، حکومت کو انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے قبل ازوقت اقدامات کرنے چاہئیں۔

انہوں نے حکومے کے خلاف احتجاج کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کرپٹ نظام کے خلاف فیصلہ کن جنگ کریں گے، اس نظام میں غریب افراد محروم سے محروم تر ہوتے جارہے ہیں، ملک پر مٹھی بھر کرپٹ اشرافیہ نے قبضہ کررکھا ہے،کراچی سے پشاور تک تمام اہم شہروں میں ریلیوں کا انعقاد کریں گے۔

لائن آف کنٹرول پر ہندوستان کی بلا اشتعال گولہ باری کی جانب اشارہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے ہندوستان سے دوستی کی کوششیں کیں، ہر بار ناکامی ہوئی، کشمیر میں جدوجہد آزادی کی حمایت کرتے ہیں، کشمیر کی آزادی تک پاکستان نامکمل ہے۔

شمالی وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب کے باعث نقل مکانی کرکے بنوں میں پناہ گزین افارد کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ آئی ڈی پیز کو رہائش میسر ہے نہ ان کی تعلیم کا انتظام ہے، شمالی وزیرستان کے متاثرین کے لئے مناسب انتظامات نہیں کیے گئے، آپریشن کے باعث بے گھر متاثرین کی واپسی کے لیے جلد پروگرام ترتیب دیا جائے۔

صوبہ سندھ میں حکومتی جماعت ا ور حزب اختلاف کے ایک دوسرے کے خلاف بیانات کی جانب توجہ دلاتے انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اور متحدہ قومی موومنٹ کے ایک دوسرے پر الزامات حقیقت پر مبنی ہیں۔