گجرات میں توہین رسالت کا مرتکب شخص گرفتار
گاؤں ڈھوک کھجور کے حجام کے خلاف سیکشن 295C کے تحت ایف آئی آر نمبر 6/15 درج کی گئی۔
گجرات: پولیس نے مبینہ طور پر توہین رسالت ﷺ کا ارتکاب کرنے والے ایک حجام کو گرفتار کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سرائے عالم گیر کے دور دراز علاقے میں بولانی پولیس اسٹیشن کی حدود میں گاؤں ڈھوک کھجور کے ایک حجام نے مبینہ طور پر رسالت مآب حضرت محمد ﷺ کی شان میں گستاخانہ الفاظ کہے۔
مذکورہ حجام اپنی دکان میں مبینہ طورپر توہین رسالت ﷺ کا مرتکب ہوا، لیکن جب معاملہ پولیس اور علاقے کے دیگر لوگوں تک پہنچا تو ملزم آزاد کشمیر فرار ہوگیا، تاہم پولیس نے اسے گرفتار کرلیا۔
ملزم کے خلاف محمد بوٹا کی مدعت میں سیکشن 295C کے تحت ایف آئی آر نمبر 6/15 درج کی گئی۔
جمعے کو پولیس نے ملزم کو مقامی عدالت میں پیش کیا جہاں سے اسے جوڈیشل ریمانڈ پر ڈسٹرکٹ جیل بھیجنے کے احکامات جاری کیے گئے۔