تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے ڈان نیوز کی اینکر پرسن ریحام خان سے اسلام آباد میں نکاح کر لیا۔
کراچی: تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان ڈان نیوز کی اینکر پرسن ریحام خان سے دوسری شادی کر لی ہے۔
عمران خان اور ریحام کا نکاح اسلام آباد میں بنی گالا میں ان کی رہائش گاہ پر مفتی سعید نے پڑھایا۔
تحریک انصاف کے رہنما عمران اسماعیل نے شادی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کا نکاح آج ہے اور کل ولیمہ ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ 16 دسمبر کو ہونے والے سانحہ پشاور کی وجہ سے شادی کی تقریب انتہائی سادگی سے کی جا رہی ہے جبکہ ولیمہ بھی بنی گالا میں ہی ہو گا۔
مفتی سعید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے حق مہر ایک لاکھ روپے رکھا ہے اور نکاح کی تقریب میں کوئی سیاسی شخصیت موجود نہیں تھی۔
انہوں نے بتایا کہ عمران خان کے نکاح کے گواہوں میں سیف خان اور ذاکر خان شامل تھے۔