پاکستان

سبی: عیدمیلادالنبیؐ کے جلسے پر دہشت گری کا بڑا منصوبہ ناکام

فرنٹیئر کور نے سبی میں عید میلادالنبیؐ کے جلسے کے قریب نصب بم ناکارہ بنا کر دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا۔

کوئٹہ: فرنٹیئر کور نے بلوچستان کے شہر سبی میں عید میلادالنبیﷺ کے جلسے کے قریب نصب بم ناکارہ بنا کر دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا۔

جلسے کی گزرگاہ پر ایک آئی ای ڈی نصب کیا گیا تھا جسے فرنٹیئر کور نے ناکارہ بنا دیا۔

ایف سی ذرائع نے ڈان کو بتایا کہ نامعلوم شرپسندوں نے عید میلادالنبیﷺ کے جلسے کو نشانہ بنانے کے لیے چار کلو گرام وزنی بم موٹر سائیکل میں نصب کیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ جلسے کی آمد سے قبل دہشت گردی کی بڑی کارروائی ناکام بنا دی گئی۔

موٹر سائیکل بم برآمد ہونے کے بعد سبی میں سیکیورٹی انتہائی سخت کر دی گئی ہے اور دھماکا خیز مواد ناکارہ بنانے کے لیے بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کر لیا گیا ہے۔

دوسری جانب سیکیورٹی فورسز نے زیارت سے دو شدت پسندوں کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور بارود برآمد کر لیا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ ملزمان سے فائرنگ کے تبادلے میں فرنٹیئر کور کا ایک اہلکار زخمی بھی ہوا اور دہشت گردوں کی فرار ہونے کی کوشش ناکام بنانے کے لیے مزید دستے طلب کر لیے گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان کا تحریک طالبان پاکستان سے تعلق ہے۔

پشاور کو 16 دسمبر کو ہونے والے حملے کے بعد کوئٹہ سمیت بلوچستان کے دیگر علاقوں میں سیکیورٹی انتہائی سخت کردی گئی ہے جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے صوبے بھر میں شرپسندوں کے خلاف آپریشن بھی شروع کردیا ہے۔