پاکستان

متنازع بیان پر جیو کی معذرت

میڈیا گروپ کے ترجمان نے تسلیم کیا کہ 22 دسمبر کو نشر ہونے والے شو میں ادارے کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی گئی تھی۔

کراچی : مذہبی و تفریحی شوز کی وجہ سے شہرت حاصل کرنے والے میزبان عامر لیاقت حسین کے مارننگ شو میں احمد برادری کے خلاف متنازع بیان کے نتیجے میں ملک گیر احتجاج کے بعد منگل کو جیو نے اس پر معذرت کرلی ہے۔

اس میڈیا گروپ کے ایک ترجمان نے تسلیم کیا ہے کہ بائیس دسمبر کو نشر ہونے والے شو میں ادارے کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی گئی تھی۔

جیو کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا گیا ہے کہ صبح پاکستان نامی شو کے دوران ایک مہمان کے الفاظ ہمارے ادارے کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر مبنی تھے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ براہ راست نشریات کے دوران ہجوم اور مہمانوں کو ان کے خیالات کے اظہار سے روکنا مشکل ہوتا ہے۔

اس نے کہا کہ ہمارا گروپ اس پر معذرت کرتا ہے اور ایک کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جو ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کے حوالے سے پالیسی پر عملدرآمد کرائے گی۔

خیال رہے کہ شو کے دوران ایک مہمان سید عارف شاہ اویسی نے احمدیوں کو " پاکستان کا دشمن" قرار دیتے ہوئے انہیں توہین رسالت کا مرتکب قرار دیتے ہوئے کہا کہ تمام مسلمانوں کو اپنے دشمن کو پہچاننا چاہئے۔

ان کے بیان کے بعد میزبان عامر لیاقت حسین نے اثبات میں سر ہلا کر جواب دیا تھا۔

تاہم آج جاری ہونے والے بیان میں جیو کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ہمارا نیٹ ورک برداشت پر یقین رکھتا ہے اور تمام مذاہب اور فرقوں میں ہم آہنگی کو فروغ دیتا ہے۔