پاکستان

پرویز مشرف پر سندھ حکومت غیرمستحکم کرنے کا الزام

پیپلزی پارٹی کا ماننا ہے کہ سابق فوجی صدر پرویز مشرف بعض عناصر کے ساتھ ملکر سندھ حکومت کو کمزور کرنا چاہتے ہیں۔

اسلام آباد : پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے سیاسی جماعتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کچھ عناصر کی جانب سے سندھ حکومت کو غیر مستحکم کرنے کی کوششوں کا نوٹس لے۔

اپنے ایک بیان میں آصف زرداری نے الزام عائد کیا ہے کہ ایسی وجوہات موجود ہیں جن کے باعث ان کی پارٹی کا ماننا ہے کہ سابق فوجی صدر پرویز مشرف بعض عناصر کے ساتھ ملکر سندھ حکومت کو کمزور کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی اس قسم کی غیرجمہوری کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دے گی۔

سابق صدر کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی ایک متحدہ سیاسی طاقت ہے اور جو عناصر سندھ حکومت کو گرانا چاہتے ہیں وہ اپنے عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوسکیں گے۔

اس سے پہلے گزشتہ روز گڑھی خدا بخش میں محترمہ بے نظیر بھٹو کی ساتویں برسی کے موقع پر خطاب کے دوران آصف علی زرداری نے کسی کا نام لئے بغیر اسٹبلشمنٹ کی توجہ دلائی اور کہا کہ ضمانت پر شخص گھر میں بیٹھ کر سیاست کررہا ہے، ہمیں بتایا جائے کہ ہمارا مقابلہ کس ہے۔