پاکستان

گوجرانوالہ: مسلح افراد کی فائرنگ، احمدی ہلاک

پنجاب کے ایک گاؤں میں مسلح افراد نے احمدی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے شخص کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا

اسلام آباد: پنجاب کے ایک گاؤں میں مسلح افراد نے احمدی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے شخص کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ میں کمیونٹی ترجمان سلیم الدین نے بتایا کہ لقمان شہزاد کو گجرانوالہ ڈسٹرکٹ میں واقع بھیڑی شاہ رحمان میں سرپیچھے گولی مارکر قتل کیا گیا۔

رواں سال پاکستان میں 11 احمدیوں کو قتل کیا جاچکا ہے۔

یہ واقعہ ایک ایسے موقع پر پیش آیا ہے جب پیر کے روز پاکستان کے نامور میزبان عامر لیاقت حسین کے پروگرام میں چند شخصیات کا احمدیوں کے بارے میں کہنا تھا کہ وہ پاکستان کے اور سب کے مشترکہ دشمن ہیں۔

پروگرام کے دوران کہا گیا کہ احمدی پیغمبر اسلام حضرت محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخی کرتے ہیں اور تمام مسلمانوں کو اس مشترکہ دشمن کو پہنچاننا چاہیے۔

اس سے قبل 2008 میں بھی عامر لیاقت ہی کے ایک پروگرام میں احمدیوں کے خلاف بیان جاری ہوا تھا جس کے بعد دو نامور احمدی شخصیات کو قتل کردیا گیا تھا۔

عامر لیاقت فوری طور پر تبصرے کے لیے دستیاب نہیں تھے۔