سزائے موت کی بحالی پر ایمنسٹی انٹرنیشنل کا اظہار تشویش
ایمنسٹی انٹرنیشنل نے پاکستان کی جانب سے سزائے موت کی بحالی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان میں مزید پانچ سو ملزمان کو پھانسی دیئے جانے کی خبریں پریشان کن ہیں اور اس سے شہریوں کو طالبان کے حملوں سے تحفظ دینے میں کوئی مدد نہیں ملے گی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ سانحہ پشاور المناک واقعہ تھا ، مگر سزائے موت کو بحال کرنا اور بڑی تعداد میں ملزمان کو یہ سزا دینا مسائل کو حل کرنے کی بجائے اسے چھپانے کے مترادف ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ متوقع پھانسیوں کے حوالے سے بیان کردہ اعدادشمار انتہائی پریشان کن ہیں اور یہ اس حکومت کی جانب سے واپسی کا سفر ہے جو گزشتہ ہفتے تک اس سزا کو التوا میں رکھے ہوئے تھی۔
عالمی تنظیم کا کہنا ہے کہ جلد بازی میں دی جانے والی سزاﺅں سے یہ سوالات سامنے آتے ہیں کہ رحم کی اپیلوں پر کس حد تک بامعنی نظرثانی کی گئی جو کہ ایک ایسے ملک میں سزائے موت کے مقدمات میں آخری تحفظ ہوتی ہیں جہاں ٹرائل کا عمل بہت زیادہ شفاف نہیں ہوتا۔
خیال رہے کہ پاکستان نے 2012 کے بعد پہلی بار جمعہ کے روز دو دہشت گردوں کو تختہ دار پر لٹکایا تھا۔