جماعت الحرار نے پشاور حملے کی مذمت کردی
پشاور: افغان طالبان کی جانب سے مذمت کے بعد کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے علیحدگی اختیار کرنے والے گروپ جماعت الحرار نے بھی ان کے بیان کی تائید کردی۔
گروپ کے ترجمان احسان اللہ احسان نے ڈان ڈاٹ کام سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ وہ اس حملے میں ملوث نہیں اور افغان طالبان کے بیان کی تائید کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملا عمر ان کے امیر ہیں اور وہ اس حملے سے متعلق ان کے گروپ کے بیان سے پوری طرح اتفاق کرتے ہیں۔
سزائے موت پر عمل درآمد سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ وہ اس سے خوفزدہ نہیں کیوں کہ ان کے کارکنوں کو ویسے ہی مارا جارہا ہے اور وہ جلد اس کا بدلہ لیں گے۔
واضح رہے کہ جماعت الاحرار نے ٹی ٹی پی سے اختلافات کے باعث علیحدگی اختیار کی تھی اور گروپ نے ستمبر سے کارروائیوں کا آغاز کیا۔
گزشتہ ماہ واہگہ بارڈر پر حملے کی ذمہ داری اسی گروپ نے قبول کی تھی۔
جماعت الاحرار نے دولت اسلامیہ عراق و شام (داعش) کی حمایت کا بھی اعلان کر رکھا ہے۔