پاکستان

خیبرپختونخوا کی جیلوں پر حملوں کا خدشہ

آئی جی جیل خانہ جات نے صوبائی حکومت کو خط میں لکھا ہے کہ دہشت گرداپنے ساتھیوں کو چھڑانے کیلئے جیلوں پرحملہ کر سکتے ہیں۔

پشاور: وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے خطر ناک دہشت گردوں کی سزائے موت پر پابندی ہٹائے جانے کے فیصلے اور صدر ممنون حسین کی جانب سے کئی قیدیوں کی اپیلیں مسترد کیے جانے کے بعد دہشت گردوں نے اپنے ساتھی چھڑانے کی منصوبہ بندی شروع کردی ہے۔

خیبر پختونخوا کے انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات کی جانب سے صوبائی حکومت کو تحریر کیے گئے ایک خط میں کہا گیا ہے کہ محکمہ داخلہ کی اطلاعات کے مطابق دہشت گردوں کے ساتھی جیلوں میں بند خطرناک قیدیوں کو چھڑانے کے لیے جیلوں پر حملہ کر سکتے ہیں۔

خط میں درخواست کی گئی ہے کہ اس صورتحال کے تناظر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں خصوصاً پولیس کو خیبر پختونخوا کی تمام جیلوں کی فول پروف سیکیورٹی یقینی بنانے کے حوالے سے ریڈ الرٹ جاری کیا جائے۔

واضح رہے کہ ہری پور اور پشاور کی جیلوں میں سزائے موت پانے والے قیدیوں کی بڑی تعداد موجود ہے جب کہ کوہاٹ، تیمر گرہ ، بنوں ، ڈی آئی خان اور مانسہرہ کی جیلوں میں سزائے موت پانے والوں کے ساتھ ساتھ کئی ایسے قیدی موجود ہیں جن کے مقدمات ابھی زیرِ سماعت ہیں۔